اسلا م آباد ،لاہور،پشاور،کراچی ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید36افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد8832ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2362نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد440787ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد47236ہو گئی،2456مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ384719صحتیاب ہو چکے ۔وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق کورونا سے جاں بحق 76 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے زائد ہیں۔58 فیصد مریضوں کو وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑرہی ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید14مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ329نئے کیس سامنے آگئے ۔لاہورمیں 143،راولپنڈی34،بہاولپور27،فیصل آباد 15اورملتان میں12کیسز رپورٹ ہوئے ۔دریں اثنا کورونا کا شکار ایڈیشنل سیشن جج لاہورمنصور قریشی کی رپورٹ منفی آگئی جس پر عدالتی امور شروع کردیئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 3مریض جاں بحق ہوگئے ۔پشاورکے مزید 8علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا۔دنیا بھر میں ہلاکتیں16لاکھ25ہزارسے زائدہوگئیں۔ افریقی ملک ایسوطینی کے وزیراعظم ایمبروز دلامینی 4ہفتے تک کورونا میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئے ،وہ دنیا کے پہلے وزیراعظم ہیں جن کی کورونا سے موت ہوئی ہے ۔نائیجیریا کی فوج کے 26 جنرل بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے جبکہ ایک میجر جنرل ہلاک ہوگیا ۔سالانہ کانفرنس میں شرکت کے بعد کئی فوجی افسروں اوراہلکاروں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔سعودی عرب کی وزارت صحت نے ملک میں کورونا کیخلاف جنگ جیتنے کا اعلان کردیا ۔ ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم دنیا کے ان ممالک میں سے ہیں جہاں کورونا کیسز میں خاطر خواہ کمی دیکھی گئی، ملک میں وبا اب قابو میں ہے ، یہ کامیابی حفاظتی اقدامات پر عمل کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے ۔ عوام اور متعلقہ حکام کے تعاون کے بغیر اس پر قابو پانا ممکن نہیں تھا۔ عوام کی صحت یقینی بنانے کیلئے ویکسین ضروری ہے ۔ تمام لوگ بشمول کورونا سے صحتیاب افراد بھی ویکسین ضرور لگوائیں۔ دریں اثناکورونا کے حوالے سے بین الاقوامی نقشے میں تصدیق کی گئی ہے کہ سعودی عرب کے تقریباً تمام علاقے محفوظ زون میں ہیں۔لندن کے میئر صادق خان نے برطانوی وزیر اعظم کو لکھے خط میں کہا کہ دارالحکومت میں 10 سے 19 سال کی عمر کے بچے کورونا سے متاثر ہیں ،وبا میں تشویشناک اضافے کو روکنے کیلئے سکولوں کو بند کرنے کی اپیل ہے ۔جرمنی میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ پر بدھ سے دوبارہ سخت لاک ڈائون نافذ کیا جائیگا۔