لاہور؍اسلام آباد؍ نیویارک (رپورٹنگ ٹیم؍ نیوز ایجنسیاں) پاکستان میں کورونا سے اموات ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اب تک 1003مریض کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 46ہزار915ہوگئی ہے ۔ اب تک ملک میں 13ہزار101مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو بھی جاچکے ہیں۔ اب تک ملک میں 4لاکھ14ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جبکہ مزید ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے ممبر سردار سربت سنگھ کو رونا وائرس کا شکا ر ہو گئے ۔سیالکوٹ کے معروف ڈاکٹر اکرام قریشی کا کورونا ٹیسٹ پازٹیو آگیا۔اوکاڑہ میں بھی کورونا کا ایک اور مریض سامنے آگیا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6164 نمونے لئے گئے جس سے کورونا کے 1017 نئے کیسز کا پتہ چلا ۔کراچی سنٹرل جیل میں کورونا سے متاثرہ قیدیوں کی تعداد 300سے بڑھ گئی۔فرانس میں مقیم پاکستانی نژاد فیملی کے 3 افراد کورونا سے جاں بحق ہوگئے ۔این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کو سامان کی پانچویں کھیپ کی ترسیل مکمل ہوگئی ،بدھ کو پنجاب کو بھی پانچویں کھیپ بھیجی گئی ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد ساڑھے 50لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 3لاکھ 28 ہزار ہوگئی ہے ۔کورونا وبا شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ گزشتہ 24گھنٹوں میں دنیا بھر میں ایک لاکھ چھ ہزار نئے مریض سامنے آئے ۔عراق میں عید پر کرفیو لگانے کا اعلان کردیا گیا۔اردن میں بھی عید کے روایتی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔ وینزویلا نے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد برازیل سے ملنے والی اپنی سرحد سے متصل کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا۔سپین کے وزیراعظم ہنگامی حالت میں مزید 2 ہفتے توسیع کے حامی ہیں مگر اپوزیشن نے مخالفت کی ہے ۔متحدہ عرب امارات میں کورونا کی تشخیص کیلئے جدید لیزر ٹیکنالوجی بنا لی گئی۔صدر ٹرمپ نے کہا وہ جی 7اجلاس کو کیمپ ڈیوڈ میں منعقد کرنے پردوبارہ غور کر رہے ہیں، اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ سب کیلئے ایک اچھا اشارہ ہوگا۔بھارت میں اندرون ملک پروازیں 25 مئی سے شروع ہونگی۔جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے کہا ہے کہ عالمی برادری ترقی پذیر ملکوں کے قرضوں کے بوجھ میں کمی کیلئے مزید اقدامات کریگی۔برطانوی وزیر نے وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر اپنے ہی سائنسدانوں کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی نے کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔انہوں نے کہا کورونا کسی دہشتگرد حملے سے زیادہ خطرناک، عالمی رابطوں اور تعاون کو بھی خطرہ لاحق ہے ۔ علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت کے رکن ممالک نے عالمی وبا سے نمٹنے کے عالمی ردِ عمل کی آزادانہ تحقیقات کرانے پر اتفاق کرلیا ۔عالمی بینک کے صدر نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 6 کروڑ افراد انتہائی غربت کی سطح پر پہنچ جائیں گے ، عالمی شرح نمو 5 فیصد کم ہونے کا امکان ہے ۔ لاہور؍ اسلام آباد؍ کراچی(نامہ نگار؍ لیڈی رپورٹر؍ سٹاف رپورٹر)عید کے قریب آتے ہی بازاروں اور شاپنگ مالز میں شہریوں کا رش مزید بڑھ گیا جس کے باعث تاجروں کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا مشکل ہی نہیں بلکہ نا ممکن ہو گیا ہے ۔ گزشتہ روز بھی تاجروں کی جانب سے ایس او پیز کے بغیر کاروبار جاری رکھا گیا ،متعدد مارکیٹوں میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاجروں کو وارننگ جاری کی جاتی رہی جبکہ مارکیٹوں کے باہر ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔لاہور میں ہال روڈ ، مال روڈ ، انارکلی ، شاہ عالم مارکیٹ ، اچھرہ بازار ، لبرٹی ، باغبانپورہ ، جوہر ٹائون ، دھرم پورہ ، چاہ میراں بازار میں زیادہ رش دیکھنے میں آیا۔اسلام آباد کی مارکیٹوں میں بھی انتہائی رش رہا، ایس او پیز کی پابندی نہیں کی جارہی۔ادھر حکومت سندھ نے تاجروں کے مطالبے پرمارکیٹوں کاوقت بڑھانے پرآمادگی ظاہرکردی۔حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہاگیاہے کہ مارکیٹوں کے اوقات بڑھانے کیلئے سندھ حکومت وفاقی حکومت کے فیصلے کی منتظرہیں،اگروفاقی حکومت نے تجارتی اورکاروباری مراکز کے اوقات کاربڑھا دیئے توسندھ حکومت بھی وفاقی حکومت کے شیڈول کے تحت اوقات کارمیں اضافے کا اعلان کردے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے تاجروں سے مذاکرات کے بعد جمعرات، جمعہ، ہفتہ بازار کھولنے کا اعلان کردیا۔