لاہور(جنرل رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 694 مریض سامنے آئے ہیں۔ مریضوں کی مجموعی تعداد 3لاکھ 10 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 2لاکھ 95 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو نے لگا ، رواں ماہ کے دوران گزشتہ روز ریکارڈ 187 کیسز رپورٹ ہوئے ۔پمز ہسپتال میں او پی ڈیز کھلنے کے بعد 11 سے زائد ڈاکٹرز وائرس کی پکڑ میں آگئے ۔پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی بھی کورونا کاشکارہوگئے ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک نجی سکول، کالج اور ایچ 9 میں واقع یونیورسٹی کو کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد سیل کر دیا گیا۔سندھ میں کلاس اول تا ہشتم نجی و سرکاری سکول آج سے کھلیں گے ۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد 3کروڑ 31 لاکھ سے زائد ہے اور ہلاکتیں 10لاکھ سے بڑھ گئی ہیں۔بھارت میں گزشتہ روز بھی 90 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے اور ایک ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔