اسلا م آباد ،لاہور،ساہیوال،ملتان،ڈیرہ غازیخان، سیالکوٹ،گوجرخان،مظفر آباد،کراچی،پشاور،نوشہرہ، کوئٹہ ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید33افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7193ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں2050نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 361082جبکہ فعال کیسز کی تعداد 29055ہو گئی،1447مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور324834صحتیاب ہو چکے ۔ پنجاب میں کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیلنے لگی اورکیسز مثبت آنے کی شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی۔ پنجاب میں نومبر کے پہلے 16 دنوں میں 6493نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 127مریض جان کی بازی ہا ر گئے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید17مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ597نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 238،راولپنڈی111،چکوال3، خوشاب2،قصور1، لیہ12،اٹک 2 ،ملتان 63،، سیالکوٹ 10،سرگودھا13،میانوالی 5،منڈی بہاؤالدین 3،خانیوال 8،لودھراں 1، فیصل آباد 13، بہاولپور17،ننکانہ 1،بہاولنگر7،راجن پور 6،رحیم یارخان 6،پاکپتن 1،ٹوبہ 4،گوجرانوالہ1 ، اوکاڑہ 9 ،بھکر3،ڈیرہ غازیخان 5،حافظ آباد 1،گجرات 15،جہلم7، وہاڑی24، مظفرگڑھ 1اور ساہیوال میں 4کیسز رپورٹ ہوئے ۔اسلام آباد میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے 10 ملازمین کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔ساہیوال سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ارشد ملک کورونا وائرس کا شکار ہوگئے اور خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 6 مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 84ہو گئی۔ادھر ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر شاہد حسین مگسی کورونا میں مبتلاہونے پر گھر میں قرنطینہ ہوگئے ۔ سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں کورونا وائرس کا پہلا مثبت کیس سامنے آگیا، محلہ ککے زئیاں کے رہائشی عرفان کو ٹیسٹ مثبت آنے پر گھر میں قرنطینہ کردیا گیا۔لاہورمیں گورنمنٹ ایم اے او کالج میں سائیکالوجی کی پروفیسر طیبہ نور ، فزیکل ایجوکیشن کے پروفیسر سہیل بشیر ، نائب قاصد بشیر احمد اور ایک طالبعلم میں کورونا کی تصدیق پر کالج کا پوسٹ گریجویٹ بلاک سیل کردیا گیا ۔گورنمنٹ ماڈرن ہائی سکول اکبری گیٹ میں نہم جماعت کا طالبعلم رمضان شرف الدین اورگورنمنٹ گزلر ہائی سکول ٹاؤن شپ میں ساتویں جماعت کی طالبہ فاطمی شہباز کو بھی کورونا ہونے پر انکے کلاسز کو سیل کردیا گیا۔گوجرخان میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید اقبال سپرا کے ریڈر تنویر حسین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر علاقہ بھر میں کھلبلی مچ گئی۔ٹیسٹ کئی روز قبل کیا گیاتھا ،تاہم گزشتہ روز رپورٹ موصول ہوئی تو وکلا، کورٹس اورکچہری کے عملہ میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔فاضل کورٹ 14روز کیلئے سیل کرتے ہوئے کورٹس کمپلیکس میں ایس او پیز پر مزیدسختی کردی گئی ۔ کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آزاد کشمیر کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ آزادکشمیر میں کورونا کی صورتحال خطرناک حدوں کو چھونے لگی ہے ۔ رپورٹس کے مطابق دارالحکومت مظفر آباد میں کورونا کی شرح 19 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔جس پر کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آزاد کشمیر میں 20 نومبر سے 15 دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔ لاک ڈاؤن کے پیش نظر آزاد کشمیر میں شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہو گی،اس عرصہ میں تمام کاروباری مراکز دفاتر،تمام تعلیمی ادارے ، دینی مدارس، شادی ہالز، کھیلوں کے گراؤنڈ اور پارک بند رہیں گے ۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ مذہبی اجتماعات ، نماز جنازہ مکمل ایس او پیز کے تحت ہونگے ۔ ہسپتالوں میں او پی ڈی سروسز بند جبکہ ایمرجنسی سروسز جاری رہیں گی۔ سیاحت پر بھی 15 دن کیلئے پابندی ہوگی۔اجلاس میں بیرون ملک اور بیرون آزاد کشمیر مقیم کشمیریوں سے سفر نہ کرنے کے درخواست کی گئی ۔ سرکاری دفاتر میں پچاس فیصد حاضری رکھی جائیگی۔ صرف لازمی خدمات کا کاروبار ایس او پیز کے تحت جاری رکھا جا سکے گا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبہ میں مزید 9 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 904 نئے مریضوں میں سے 610 کا تعلق کراچی سے ہے ۔کورونا کی نئی لہر کے باعث نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہیڈکوارٹرزکو سیل کردیا گیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے اثرات کے باعث این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز 19 نومبر تک عارضی طور پر بند رہیگا ۔ خیبر پختونخوا میں مزید3مریض جاں بحق ہو گئے ۔نوشہرہ میں کورونا کیسز پر2سرکاری سکولوں کو بندجبکہ کئی علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگانے کا فیصلہ کیاگیا۔دنیا بھر میں ہلاکتیں13لاکھ39ہزارسے زائدہوگئیں۔امریکہ میں کورونا کیسز بڑھنے کی رفتار تشویشناک حد تک بڑھ گئی اور 7 روز کے اندر 10 لاکھ نئے کیسز سامنے آگئے ۔امریکہ میں دوا ساز کمپنی فائزر نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے ڈلیوری پائلٹ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ 4 امریکی ریاستوں روڈ آئی لینڈ، ٹیکساس، نیو میکسیکو اور ٹینیسی میں ویکسین کی فراہمی شروع کر دی گئی۔روس میں کیسز بڑھنے پر آئس رنک کو کورونا مریضوں کیلئے عارضی ہسپتال بنا دیا گیا۔روسی صدر ولادی میر پوتن نے برکس اتحاد میں شامل ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس کی ویکسین بڑے پیمانے پر تیار کر یں تاکہ دنیا کو یہ فوری دستیاب ہو سکے ۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے ہفتے کے آخر میں رات کے کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے ریسٹورنٹس کو حکم دیا کہ وہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز اور بڑھتی ہوئی اموات سے لڑنے کیلئے ٹیک آؤٹ سروس پر جائیں۔ برطانوی ماہرین نے کورونا کی دوسری لہر میں بچوں کے زیادہ متاثر ہونیکا خدشہ ظاہر کردیا ۔