اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،کوئٹہ،واشنگٹن (وقائع نگار،کامرس رپورٹر، سٹاف رپورٹر،بیورو رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وباسے پاکستان میں مزید8افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد6552ہو گئی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں661نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد317595ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 8335ہو گئی،493مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور302708صحتیاب ہو چکے ۔حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز کا گراف نیچے آرہا ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی پھر بھی احتیاط ناگزیر ہے ۔این سی او سی نے کوروناکا پھیلا مزید کم کرنے کی خاطر شادی ہالز کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔ شادی ہالز میں تقریبات کا دورانیہ صرف 2 گھنٹے ہوگا اور ہالز رات 10 بجے تک کھلے رہینگے ۔ان ڈور تقریبات کیلئے 300 سے زائد افراد کی اجازت نہیں ہوگی۔ آئوٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شرکت کرسکیں گے ۔ ایس او پیز خلاف ورزی پر جرمانے ، ہالزسیل ہونگے ۔ کورونا کیسز پراسلام آبادکے مزید 5تعلیمی اداروں اورنجی یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹس کو سیل کردیا گیا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مراسلہ کے مطابق تعلیمی اداروں میں کیسز میں اضافہ ہوا ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزیدایک مریض جاں بحق ہوگیا اور 58نئے کیس سامنے آگئے اور تعداد 100330 ہو گئی ۔ لاہورمیں 39، راولپنڈی میں5کیس رپورٹ ہوئے ۔پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی دوسری بار کورونا میں مبتلا ہو گئے ، انہیں تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ۔سندھ حکومت کی جانب سے کورونا ہیلتھ الاؤنس ختم کرنیکا اعلان کردیا گیا۔محکمہ خزانہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کیسز میں کمی کے سبب کورونا ہیلتھ الاؤنس ختم کرنے کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔دوسری جانب سندھ ڈاکٹرز اتحاد نے تمام ایس او پیز ختم کرنیکا اعلان اور سندھ بھر کے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز ختم کرنیکا مطالبہ کردیا۔علاوہ ازیں کراچی میں 6 دن میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنے پر 12 شادی ہالز ، 193 ریسٹورنٹس، 23 دکانیں اور 4 تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا۔5شادی ہالز کو جرمانے کئے گئے جبکہ 47 کو فائنل وارننگ جاری کی گئی۔ 38 ریسٹورنٹس کو جرمانے اور 229 کو وارننگ دی گئی 10دکانوں کو جرمانے کئے گئے ۔16تعلیمی اداروں کو بھی وارننگ دی گئی۔سکھر اورمیرپورخاص میں7 طلبہ کو کوروناپر2 تعلیمی ادارے سیل کردیئے گئے ۔بلوچستان میں 18نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ دنیا میں کورونا سے 1069937اموات ہو گئیں ۔ امریکہ میں مزید490اموات کے بعد 218228جان کی بازی ہار چکے ۔بھارت میں 60262نئے کیس سامنے آئے ، مزید621چل بسے ۔کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر مختلف ممالک کے شہروں میں لاک ڈائون نافذ اور عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔سپین نے میڈرڈ میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ کینیڈین صوبہ کیوبیک میں وبا کے گڑھ علاقوں میں سماجی اجتماعات کیخلاف کریک ڈائون کیا گیا ۔سویڈن نے تقریبات میں 50 سے زائد افراد کی شرکت کی اجازت کا فیصلہ موخر کر دیا۔عمان نے کل سے مکمل لاک ڈائون اوررات کا کرفیو نافذ کردیا ۔جرمنی میں وائرس پھیلائو کا سبب بننے والے مذبح اورگوشت کمپنی کوبند کرنیکا حکم دیدیا گیا۔