لاہور(اپنے رپورٹر سے )2 کورونا کے باعث پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے التواکیلئے آرڈیننس جاری کردیا گیا، گورنر کی طرف سے جاری کئے گئے آرڈیننس میں بلدیاتی ایکٹ 2019 کے سیکشن3 میں ترمیم کی گئی ہے ، اس سیکشن میں جہاں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے ایک سال کا لفظ استعمال کیا گیا تھااس کو ختم کرکے 21 ماہ کا لفظ لکھا گیا ہے ۔ 4 مئی 2019 کو بلدیاتی ایکٹ 2019 نافذ ہونے کے بعد ایک سال کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانا لازمی تھا جس کی مدت 4 مئی 2020 کو ختم ہونا تھی،پنجاب کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں کوروناکی وبا کے باعث بلدیاتی الیکشن کے التوا کی منظوری دی تھی، آرڈیننس کے تحت اب اس مد ت میں مزید 9 ماہ کی توسیع ہوئی ہے ۔بلدیاتی ایکٹ 2019 میں کی گئی مزید ترامیم کے آرڈیننس کو قانونی تحفظ دینے کے لیے پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث بلدیاتی انتخابات کے التوا کا فیصلہ پنجاب کابینہ نے کیا، تاہم تیاری مکمل ہے ، حالات سازگار ہوتے ہی بلدیاتی انتخابات کرا دئیے جائیں گے ۔