اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،وقائع نگار) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے ، بازاروں میں احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جا رہیں۔ پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستانی شاید سمجھ رہے ہیں کہ کورونا وائرس صرف عید تک تھا، اگر ہم نے احتیاطی تدابیراختیار نہ کیں تو بہت بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے کورونا وائرس کب ختم ہو گا کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا ۔ کورونا سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔عوام وبائکو روکنے کا سبب بنیں پھیلانے کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو بیماری پھیلے گی اور لاک ڈائون بھی کرنا ہو گا، عید پرمشاہدہ ہوا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔قبل ازیں ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ کوروناکے ٹرائل سے متعلق ایگزیکٹوگروپ سے ملاقات ہوئی، گروپ کاہائیڈروکلوروکین کے کلینکل ٹرائل کوعارضی معطل کرنے کافیصلہ کیا، اس حوالے سے اب تک شرح اموات میں اضافہ ہوا ہے ۔ یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کوروناکے مریضوں پر ملیریا سے بچاؤ کی دوا کوروکین کا استعمال فوری بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، ایڈوائزری گروپ ممبر کا کہنا تھا کہ ہائیڈروکسی کلوروکین کے استعمال سے ڈیتھ ریٹ بڑھ رہاہے ، صحت مند مریضوں کا کلوروکین کااستعمال کرنا زندگیوں کو خطرہ میں ڈالنا ہے ۔