واشنگٹن(ندیم منظور سلہری سے )امریکہ میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستانی اور امریکی معالجین کے کردار کو بھی سراہا، امریکہ میں آگاہی سیمینار سے ویڈیو لنک سے دوران خطاب پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے مزید کہا کہ لاک ڈائون کے باوجود پاکستانی سفارت خانہ اور قونصل خانوں کے قونصلر سیکشن کام کر رہے ہیں، زیادہ سے زیادہ آن لائن قونصلر سروس کی سہولت کا فائدہ اٹھائیں اور انتہائی ضروری صورتحال میں تشریف لائیں۔اسد مجید خان نے آگاہی سیمینار میں پاکستان میں وینٹی لیٹرز، حفاظتی لباس اور سکریننگ کٹس کی کمی سے بھی آگاہ کیا، پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے این آئی ایچ نے تھرمو سکینر مشینوں کی خریداری ممکن بنائی۔ انہوں نے بتایا پاکستانی سفارتخانہ اور واشنگٹن ، نیو یارک ، لاس اینجلس ، شکاگو اور ہیوسٹن میں واقع قونصل خانے وبا سے نمٹنے کے لئے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ، پاکستانی امریکن فزیشنز کی تنظیم براے شمالی امریکہ اے پی پی این اے کے ساتھ فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے بھی سرگرم ہیں، امریکی ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کی سہولت کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ کمیونٹی تنظیموں کے تعاون سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ پاکستانی امریکی کمیونٹی کو کھانا اور راشن کی فراہمی سمیت پاکستان میں امدادی سرگرمیوں کے لئے فنڈ بھی اکٹھا کررہے ہیں ۔