اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید32افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7141ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں2443نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 356904جبکہ فعال کیسز کی تعداد 26538ہو گئی،1377مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور323225صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید9مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ684نئے کیس سامنے آگئے ۔لاہورمیں 279،راولپنڈی 130، خوشاب5، لیہ29،شیخوپورہ 3،راجن پور2،ملتان 28،سیالکوٹ 6،سرگودھا12،میانوالی 7،اٹک 1،خانیوال 13،لودھراں 3، فیصل آباد 25،مظفر گھڑھ 2، بہاولپور17، ٹوبہ 9،چکوال1، بہاولنگر3،رحیم یارخان 2 ، اوکاڑہ 2 ، بھکر1،گجرات 8،جھنگ 5،جہلم6، وہاڑی12، چنیوٹ 2اور ساہیوال میں 11کیسز رپورٹ ہوئے ۔تعلیمی اداروں میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا، لاہور کے نجی سکول میں دو طلبہ اور ایک استانی کورونا کا شکار ہوگئی۔ سکول انتظامیہ کے مطابق طالبعلم کی وجہ سے خاتون ٹیچر کورونا کا شکار ہوئیں،طلبہ کو آن لائن کلاسز پر منتقل کررہے ہیں۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس آج ہو گی جس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرتعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں قبل از وقت دینے اور انکی تعداد میں اضافے پر مشاورت ہو گی ۔ شفقت محمود نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے لئے بچوں کی زندگی اور صحت اولین ترجیح ہے ۔صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس نے کورونا کیسز پر پنجاب کے سکولوں کو بند کرنے کے بجائے سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دیدی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس بھی اس معاملے پر ہو رہی ہے ۔ کورونا کیسز میں اضافہ تو ہو رہا ہے لیکن مکمل طور پر سکولوں کو بند نہیں کرنا چاہئے ۔ جن اضلاع یا علاقوں میں کورونا کیسز زیادہ ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈاؤن کرنا چاہئے ۔ حتمی فیصلہ تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کے آج ہونیوالے اجلاس میں کیا جائیگا۔پاکستان میں صحتیاب ہونیوالے ایک مریض کو دوسری مرتبہ کورونا ہونیکا پہلا کیس سامنے آگیا۔ ایوب میڈیکل کالج خیبرپختونخواکے حکام کے مطابق 41 سالہ سرکاری ملازم میں صحتیاب ہونے کے 4 ماہ بعد دوبارہ مہلک وبا کی تشخیص ہوئی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 9مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 942 نئے کیسز میں سے 624 کا تعلق کراچی سے ہے ۔دنیا بھر میں ہلاکتیں13لاکھ23ہزارسے زائدہوگئیں۔امریکہ میں مزید سینکڑوں ہلاکتوں کے بعد اموات 251580 سے بڑھ گئیں۔ طبی ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ لاک ڈائون پر موثر عمل نہ کیا گیا تو کرسمس تک صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے ۔سعودی عرب میں305ئے کیسوں کی تصدیق جبکہ مزید 16 مریض وفات پا گئے ،810ریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ انکی حکومت نے کوونا کی روک تھام کیلئے تیار کردہ فائزرویکسین کی 8 ملین سے زائد خوراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کیا ہے ۔ ٹوئٹرپر بیان میں مزید کہا کہ یہ ویکسین ہمارے 4 ملین لوگوں کیلئے کافی ہے ۔ اسرائیل کورونا سے نمٹنے میں کامیاب رہنے والے پہلے ملکوں میں شامل ہوگا۔ ویکسین 2021 کی پہلی چوتھائی میں تمام شہریوں تک پہنچا دی جائیگی۔