لاہور(سپورٹس رپورٹر) کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باعث اپنے گھروں تک محدود کھلاڑیوں کومصروف رکھنے کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے ہوم ورک بھجوا دیا جس میں انہیں ڈائٹ، فزیکل فٹنس اورسکلز ٹریننگ بارے ہدایات دی گئی ہیں۔ خواجہ جنید کاکہنا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے اثرات اور خدشات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو گھر پر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے پلان بھجوادیا ہے ۔قومی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید کاکہنا ہے کہ امید ہے کھلاڑی ہوم ورک کر کے فٹ رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب کھلاڑی واپس گراؤنڈ میں آئیں گے تو اپنی بہتر فٹنس کے باعث جلد ہی گراؤنڈ میں اپنی سکلز اور فارم دوبارہ حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایات کی ہیں اور کہا ہے کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ جنید نے کہا کہ انہون نے کھلاڑیوں کا واٹس ایپ گروپ بنا رکھا ہے جس میں وہ کھلاڑی اپنی روزانہ کی سرگرمیاں اور ٹریننگ اپ ڈیٹ شیئرکرتے ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستانی قوم مشترکہ جدو جہد کرتے ہوئے جلد ہی کورونا کے خلاف جنگ جیت لے گی اور زندگی دوبارہ نارمل ہو جائے گی۔