اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید27افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد22520ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.65فیصد رہی، کوروناکے 1737نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز 35573ہو گئے ،1971مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔کورونا کی نئی قسم کے ممکنہ حملے کے پیش نظر حکومت نے 9 سے 18 جولائی تک ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سختی کا فیصلہ کرلیا۔ طبی ماہرین نے کورونا کی بھارتی قسم (ڈیلٹا وائرس) کو انتہائی خطرناک قراردیدیا جبکہ پاکستان میں اسکے کیسز سامنے آنے لگے ہیں جو کہ کورونا کی چوتھی لہر ہو سکتی ہے ۔ این سی او سی نے ڈیلٹا اوردیگر وائرسز سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دیدی ۔ کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر متعلقہ ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا جائیگا۔ عید الاضحیٰ پرغیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھنے کیلئے تجاویز زیر غور ہیں جن پر عملدرآمد کا فیصلہ وبا کا پھیلاؤ مدنظر رکھ کر آئندہ چند دن میں کیا جائیگا، سیر و سیاحت پر پابندی کا بھی امکان ہے ۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ ڈیلٹا کی وجہ سے بھارت میں لاکھوں اموات ہوئیں،بھارتی ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی پر عوام اذیت سے دوچاررہے ۔ اگر ڈیلٹا وائرس پر قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ ایک بار پھر ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام پرائیویٹ سیکٹر ملازمین، بشمول کارپوریٹ سیکٹر، چھوٹی درمیانی اور بڑی انڈسٹری کے ملازمین، زراعت، میڈیا، وکلا،پرائیویٹ کمپنیاں، فیکٹری مزدور، مارکیٹ ملازمین، ٹرانسپورٹ سیکٹر سے منسلک افراد، ہوٹل ورکرز، ریڑھی بان، جمنیزیم ملازمین ، مساجد کے خدام اور آئمہ، شادی ہالز اور ورکشاپس پر کام کرنیوالے افراد کو لازماً 31 جولائی سے قبل ویکسین لگوائی جائے ، 18 سال سے زائد عمر کے طلبہ کیلئے 31 اگست تک ویکسن لگوانا لازمی قرار دیا گیا ۔یکم اگست سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوائی سفر پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ تمام سیاحتی مقامات پر جانیوالے 30 سال سے زائد عمر کے افراد پر بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے سفر اور ہوٹل بکنگ پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کردیئے گئے ۔ یکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پر بھی ہو گا۔ وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ اب کورونا کی چوتھی لہر کی علامات ظاہر ہورہی ہیں اور 2 ہفتے پہلے ہی خبردار کردیا تھا۔شادی ہالز اور ریسٹورنٹس میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے متعلق ایس اوپی پر عمل نہیں ہورہا،ان پرعمل نہ ہوا تو شادی ہالز اور انڈور ڈائننگ بند کردینگے ۔ ہوٹل اور جم مالکان نے ذمہ داری نہ دکھائی تویہ سہولت بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہ ہوگا۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب سارہ اسلم کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 206نئے کیس سامنے آگئے اورمزید7مریضوں کی جان چلی گئی ۔کورونا کی چوتھی لہر کے خطرہ پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے الرٹ جاری کر دیا،ڈی جی ایچ ایس آفس اور سی ای اوز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو پورے پنجاب کیلئے ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا گیا کہ وبا کی چوتھی لہر سے بچنے کیلئے شہریوں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، مثبت کیسز شرح میں اضافہ ہو رہا ،صورتحال بگڑنے سے پہلے ایس او پیز اپنا لیں، تمام کاروباری مراکز ایس او پیز کو یقینی بنائیں،18سال سے زائد عمر تمام شہری ویکسین لگوائیں۔ تمام سنٹرز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے ۔سندھ میں میڈیکل آپریشن،نوکریوں کیلئے ٹیسٹ یاانٹرویو، ریسٹوریٹ،ہوٹلز،شادی ہالزمیں داخلے اور دیگر امورکیلئے کوروناویکسین لازمی قراردیدی گئی۔ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹرارشدمیمن کے مطابق بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ایمرجنسی کے علاوہ ہسپتالوں میں ویکسینیٹڈافراد کو الیکٹو سرجریز کی اجازت مل سکے گی۔ سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے بیان میں کہا کہ این سی اوسی کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے بین الصوبائی اور بین الا ضلا عی پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنیوالے مسافروں کے کورونا ویکسی نیشن سر ٹیفکیٹ چیک کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور مسافر کورونا ویکسی نیشن کے بعد ہی سفر کرسکتے ہیں، دیگر صوبوں سے سندھ آنیوالے مسافروں ، ڈرائیورز و کنڈکٹرز کو بھی سر ٹیفکیٹ ساتھ رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق سعودی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے سعودی عرب کے شہرریاض سے کراچی آنیوالے 17مسافر کورونا میں مبتلا نکلے ، ان کو قرنطینہ و علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھر بلوچستان حکومت نے کورونا کے پھیلائو کے پیش نظر 31 جولائی تک بازاررات 10بجے بند کرنے اور جمعہ کو مکمل لا ک ڈائون کا اعلان کردیا۔کورونا کیسز میں اضافے کے سبب گوادر میں غیر معینہ مدت کیلئے سمارٹ لاک ڈائون لگا دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر گوادر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع میں دکانیں صبح 8 سے شام 7 بجے تک کھلی رہینگی، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں بیٹھ کر کھانے اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ گھر سے باہر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ کھیل کے میدان اور تفریحی مقامات بند رہینگے ۔ٹیچنگ ہسپتال تربت کے ایم ایس ڈاکٹر لعل جان بلوچ کے مطابق کورونا کی چوتھی لہر نے گوادر سمیت مکران ڈویژن کو شدید متاثر کردیا ہے ،ضلع کیچ میں 58فیصد لوگ متاثر ہیں۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں40لاکھ33ہزارسے زائد ہو گئیں۔قطر کی حکومت نے کورونا کیسز میں کمی آنے پر 12 جولائی سے سیاحتی و فیملی ویزے بحال کرنیکا فیصلہ کر لیا۔ اپریل میں قطر میں داخل ہونیوالے پاکستانیوں کیلئے کورونا ٹیسٹ اور 10 روز ہ قرنطینہ بھی لازمی قرار دیا گیا تھا۔