اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر زیادہ شدید اور خطرناک ہے ۔ تاہم ملک میں مکمل لاک ڈائون نہیں کرسکتے ،ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ کاروبار اور فیکٹریاں بند کرکے کھانا دے سکیں۔کورونا کی وجہ سے ہم اپنا ملک بند نہیں کرسکتے لیکن احتیاط تو کرسکتے ہیں۔ قوم کے نام کورونا سے متعلق اہم پیغام میں انہوں نے مزیدکہا کہ عوام سے کہتا ہوں کہ احتیاط کریں، شہری ماسک ضرور پہنیں۔ماسک پہننے سے کورونا سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔ وبا کے دوران میں نے ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کیا، پورا ایک سال احتیاط کی،کسی شادی یا کسی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے نہیں گیا،ماسک بھی پہنا تو بچا رہا۔ سینٹ الیکشن میں وہ احتیاط نہیں کی جو کرنی چاہئے تھی۔کورونا کی تیسری لہر میں احتیاط نہیں کی تو کورونا ہوگیا،تاہم اللہ نے مجھ پر اور میری اہلیہ پر بڑا کرم کیا ہے ۔ کورونا کی تیسری لہر برطانیہ سے آئی ،وہاں سے کافی لوگ اسلام آباد اور لاہور آئے ۔ ملک کے ہسپتال کورونا مریضوں سے بھر چکے ہیں۔ عوام کو جتنی بھی تاکید کروں کم ہے ۔ ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کیا تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے ۔لاہور اور پشاور میں کورونا کیسز زیادہ نظر آرہے ہیں۔دنیا میں کورونا ویکسین کی قلت ہوگئی ۔کورونا ویکسین سے متعلق جو ہمیں دنیا نے کہا تھا وہ بھی ہمیں نہیں مل رہی،جو ملک ویکسین بناتے ہیں وہاں بھی کمی ہے ۔ بہتر ہے ہم کورونا ایس او پیز پر عمل کریں،ریسٹورنٹس اور شادیوں پر نہ جائیں۔