ایجبسٹن (سپورٹس ڈیسک ) انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ شروع ہوگیا۔ کورونا کی کالی رات میں کرکٹ کا سورج طلوع ہونے پر سوشل میڈیا پر خوشی کا طوفان امڈ آیا اور شائقین نے اپنے پسندیدہ کھیل کے طویل عرصے پر شروع ہونے پر انگلینڈ اور ویسٹ انڈین ٹیموں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ بند دروازوں میں کھیلے جانیوالے میچ کے ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتان غلطی سے ہاتھ ملاتے ملاتے رہ گئے بعد ازاں انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ تمام ایس اوپیز کے تحت کھیلا جا رہا ہے جس میں مخالف کھلاڑی کے آئوٹ ہونے پر کھلاڑی ہاتھ نہیں ملا سکتے اور نہ ہی گلے مل سکتے ہیں ۔میچ میں بلیک لائیوز میٹر کو بھی یاد رکھا گیا اور کھلاڑیوں نے مخصوص طریقے سے اس کا اظہار کیا ۔ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، برطانوی پیسر سٹورٹ براڈ 51 ہوم ٹیسٹ میچز کے بعد پہلی بار بینچ پربیٹھے ۔ شائقین کے بغیر کھیلی جانیوالی کرکٹ سیریزکے دوران خالی سٹیڈیم میں مصنوعی تماشائیوں کا شور لگایاگیا ۔جو روٹ کی عدم موجودگی میں بین اسٹوکس پہلی بار انگلینڈ کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس میچ کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ کے وسط میں معطل ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ پھر سے بحال ہوگئی ہے ۔عالمی وبا سے شٹ ڈاؤن ہونے سے قبل آخری انٹرنیشنل میچ 13 مارچ کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے کی صورت میں بند دروازوں کے پیچھے سڈنی میں کھیلا گیا تھا، بعد میں کورونا وائرس کیسز میں اضافے کی وجہ سے دوسرا اور تیسرا میچ ملتوی کردیا گیا تھا۔