اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کورونا جیسی وبا کیخلاف ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف ہمارا ہر اول دستہ ہے ، ان کو حفاظتی سامان فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہر حال میں اور ترجیحی بنیادوں پر ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ضروریات کے مطابق ہر ممکن اقدامات کرینگے ۔کورونا کی صورتحال کے تناظر میں ملک میں معاشی سرگرمیوں کو رواں رکھنے اور خصوصاً غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے تعمیراتی شعبہ کیلئے اعلان کردہ جامع پیکیج پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اس کے ثمرات نچلے طبقے خصوصا ًمزدوروں تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے ۔پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے فنڈز کا استعمال ان منصوبوں پر کیا جائے جن سے چھوٹے درجے اور درمیانے درجے کی صنعتیں وابستہ ہیں ۔اجلاس میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال اورمتاثرین کیلئے انتظامات پر چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل اور معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے بریفنگ دی جبکہ وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ترقیاتی منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کی روانی کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ اس وقت ملک بھر میں 136 ہسپتالوں میں 3300 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں ۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے حفاظتی کٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے این ڈی ایم اے ہسپتالوں کی انتظامیہ سے براہ راست رابطہ استوار کر لیا ہے ۔ انچاس ہزار پانچ سو حفاظتی کٹس پہلے ہی تمام صوبوں کے مختلف ہسپتالوں میں فراہم کی جا چکی ہیں۔ مزید کٹس کی ہسپتالوں کوفراہمی آئندہ ایک دو روز میں مکمل کر لی جائیگی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے کے پاس حفاظتی کٹس اور ماسکس کی کوئی کمی نہیں ، ہمارا ہدف مطلوبہ تعداد میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ تکنیکی عملے کی دستیابی اور انکی تربیت کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔