تہران(نیٹ نیوز)ایران نے کورونا وبا کے باوجود امریکی پابندیاں جاری رکھے جانے کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں درخواست دائر کر دی۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے باعث کورونا وائرس سے نمٹنے میں دشواری کا سامنا ہے لہذا امریکی پابندیاں ختم کی جائیں۔دریں اثناجواد ظریف نے پارلیمنٹ کے طوفانی اجلاس میں کہا کہ ایران چین کے ساتھ 25 سالہ سٹریٹجک معاہدے پر بات چیت کر رہا ہے جس کی شرائط کا اعلان معاہدہ ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا گیا تو ایران بھی مناسب جواب دے گا اس لیے نیوکلیئر ڈیل کو بچایا جائے اور اس پر مکمل عمل کیا جائے ۔بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی میں قرارداد کا مسودہ تیار کرنے پر ایران نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کو برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے خلاف خط لکھ دیا ہے ، ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل کوبھی خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی جے سی پی او اے کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ تینوں یورپی ممالک کی جانب سے آئی اے ای اے میں ایران کے خلاف پیش قرار داد منظورکرلی گئی تھی جس میں ایران سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ادارے کومطمئن کرے ۔