اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر ، 92 نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید62افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد12128ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1072نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد557591ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد30512ہو گئی،1744مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل514951صحتیاب ہو چکے ۔ملک بھر میں طبی عملہ کو کورونا ویکسین بھی لگائی جاری ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید29مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی کل تعداد4948ہوگئی جبکہ410نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 235،قصور 5،شیخوپورہ 7،راولپنڈی10،فیصل آباد55اور گوجرانوالہ میں 2کیسز رپورٹ ہوئے ۔ادھر نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلا مزید ایک مریضہ جاں بحق ہوگئی ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 14کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ538نئے کیسزمیں سے 263کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ادھرخیبر پختونخوا میں کورونا سے مزید6افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ186نئے مریض سامنے آگئے ۔بلوچستان میں کورونا کے 7نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں تاہم وباکی ابتدا کے بعدسے کوئٹہ میں پہلی بارکورونا کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں23لاکھ58ہزارسے زائد ہو گئیں۔بحرین میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث آج سے مساجد بندکو کردیا گیا۔بحرین کی وزارت انصاف و اسلامی امور نے مساجد بند کرنے کیساتھ مذہبی پروگرام بھی 2 ہفتوں کیلئے معطل رکھنے کا اعلان کیا ،بتایا گیا کہ مساجد بند کرنے اور مذہبی پروگراموں پر پابندی کا یہ فیصلہ نمازیوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کیلئے کیا گیا ۔ بحرین میں کورونا وائرس سے اموات 387 ہو چکی ہیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 8 ہزار 807 ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے روک تھام کیلئے سخت ایس او پیز نافذ کئے گئے ہیں۔کورونا کی ابتر صورتحال کے شکار ممالک سے برطانیہ آنیوالے مسافروں پر معلومات چھپانے یا ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کی ٹریویل ہسٹری کو حذف کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائیگا۔رواں ماہ کے وسط سے برطانیہ میں داخل ہونیوالے مسافروں پر 15 دن قرنطینہ میں رہنا لازم قراردیا اورایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 ہزار پاؤنڈ جرمانہ اور دس سال قید کی سزا دینے کا اعلان کیاجاچکا ہے ۔متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سرکاری ملازمین کوگھر سے کام کرنیکا حکم دیدیا گیا ۔ شارجہ حکام نے سرکلر کے ذریعے حکم دیا کہ 14 فروری سے تمام سرکاری ادارے اپنے عملے سے گھر سے ہی کام کرائیں اور جن اداروں میں گھر سے کام کرنا ممکن نہیں وہ 2 شفٹوں میں 50،50 فیصد عملے سے کام کرائیں تاکہ دفتر میں زیادہ رش نہ ہو۔ دفتر میں کام کے دوران سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بنایا جائے ۔جرمنی نے جزوی لاک ڈاؤن میں 7 مارچ تک توسیع کر دی۔جاپان میں مخصوص سرنجوں کی کمی کے باعث کورونا ویکسین کی لاکھوں خوراکیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔