برلن(نیٹ نیوز) جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے معتبر میڈیا تک زیادہ سے زیادہ رسائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نے یورپ کے سامنے باالخصوص اطلاعات کی ترسیل کے حوالے سے نئے چیلنجز کھڑے کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کورونا وائرس کی وبا کے اس دور میں آج میڈیا کی اہمیت اور معتبر اطلاعات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے ۔جرمن چانسلر منگل کے روز یورپی یونین میڈیا پالیسی پر یوروپی یونین کے رہنماؤں کی ایک ڈیجیٹل کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ چانسلر مرکل نے کہا اس وبا نے یورپ اورمیڈیا کے سامنے نئے چیلنجز کھڑے کردیئے ہیں،ایسے حالات میں یہ بہت زیادہ اہم ہے کہ ہمارے پاس معتبر معلومات ہوں اور اس حوالے سے میڈیا اور صحافت پر بڑ ی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی قدریں نیز تنوع اور آزادی اس بحران پر قابو پانے کے لئے بنیاد فراہم کرے گی۔