اسلام آباد ، لاہور،فیصل آباد،کراچی، نئی دہلی ، نیویارک ( خبر نگار خصوصی ، جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خصوصی رپورٹر ،سٹاف رپورٹر، نمائندگان، 92نیوزرپورٹ ، نیوزایجنسیاں ) ملک میں کورونا نے مزید 118 زندگیوں کے چراغ بجھا دیئے جبکہ 3785نئے کیس سامنے آگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق مصدقہ کیس 8 لاکھ58 ہزار25 جبکہ اموات18915 ہو گئیں۔فعال کیس81830 ہوگئے ، 4903 کی حالت تشویشناک ہے ۔ گزشتہ روز40736 ٹیسٹ کیے گئے ۔ پنجاب میں 1638 نئے کیس جبکہ 81 اموات ہوئیں۔ لاہور 763، ننکانہ 4، قصور39، شیخوپورہ 20، راولپنڈی113، جہلم 3، اٹک 1، چکوال 1، مظفرگڑھ7، حافظ آباد 2 ،گوجرانوالہ 28،سیالکوٹ17، نارووال 13، گجرات 14، منڈی بہاؤالدین2، ملتان 119، خانیوال 15، راجن پور 2، لیہ 9، ڈیرہ غازیخان 10 ، وہاڑی 22 ، فیصل آباد 108، چنیوٹ 36، ٹوبہ37، جھنگ41 ،رحیمیار خان20 ،سرگودھا 78، میانوالی 9، خوشاب 5، بہاولنگر 8، بہاولپور 29، لودھراں 27، بھکر 5، ساہیوال 16، پاکپتن 10 اور اوکاڑہ میں 5 کیس سامنے آئے ۔ لاہور میں مزید 24 مریض چل بسے ۔ سیالکوٹ میں2 مریض جاں بحق جبکہ25 صحتیاب ہو گئے ۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں نوجوان کورونا کا سب سے زیادہ شکارہوئے ۔ کنفرم کیسزکے 40 فیصد نوجوان ہیں ۔ کل کیسز کے 58 فیصد مرد جبکہ 42 فیصد خواتین ہیں۔ 10 سال تک عمر کے 24944 جبکہ 70269 نو عمر بچے موذی وبا کا شکارہوئے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کے اجلاس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کارروائی اور پی آئی اے کی چند پروازوں کے شیڈول میں ردوبدل کی ہدایات بھی دی گئیں۔وفاقی وزیر علی زیدی نے بتایا این سی او سی نے کسی صوبے کو ویکسین خریدنے سے نہیں روکا ۔لاہور میں آرمی،رینجرز اور پولیس کے دستوں نے فلیگ مارچ کیا۔ کمشنر و سی سی پی او نے مکمل لاک ڈائون کے تحت پابندیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ کمشنر آفس کے مطابق گشت کے دوران لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر کارروائیاں بھی کی گئیں۔لاہور میں24 دکانوں و سٹوروں کو سیل کیا گیا۔فیصل آباد میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی اور دکانیں کھولنے پر 300سے زائدافراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی شہر کی متعدد مارکیٹیں بند کرادیں ۔سندھ میں لاک ڈائون کے پہلاروزایس او پیز کی دھجیاں اڑادی گئیں۔مختلف رہائشی علاقوں میں رات گئے تک بازار، دکانیں کھلی رہیں،کچھ دکانیں اور کاروبار کو سیل کیا گیا۔ادھر دنیا بھر میں متاثرین 15کروڑ 88لاکھ جبکہ ہلاکتیں 33لاکھ سے بڑھ گئیں۔بھارت میں تین لاکھ باسٹھ ہزار تئیس نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ الہ آباد ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس دھرم ویر شرما اور معروف یوٹیوبر و اداکار راہول وہرابھی چل بسے ۔بھارتی وزیر صحت ہرش وردن نے کہا ہے ملک میں9لاکھ 2291 مریض آکسیجن سپورٹ پر جبکہ170841 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ دہلی میں لاک ڈائون میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی۔میٹر وبس بھی نہیں چلے گی۔ بھارت میں سابق فوجی ڈاکٹروں کو طلب کر لیا گیا۔کورونا کے پیش نظر غیر ملکی سفارتی عملہ بھارت چھوڑ رہا ہے ۔ نئی دہلی میں امریکی سفارتخانے سے منسلک دو سو سے زائد افراد کوروناسے متاثر ہوئے ہیں۔ جرمنی نے تصدیق کی کہ اس کے سفارتخانے کے عملے کے متعدد ارکان واپس چلے گئے ۔ جمہوریہ پولینڈ کے سفارتخانے کے ملازمین کو بھی پولینڈ واپس جانے کا آپشن دیا گیا ہے ۔سری لنکا اور بنگلہ دیش میں سات افرادمیں کووڈ کی بھارتی قسم کی تشخیص ہوئی ہے ۔ سری لنکا فائزر ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا۔سپین میں نافذ ایمرجنسی ساڑھے چھ ماہ بعد ختم کر دی گئی۔بحرین نے بین الاقوامی فضائی سفر میں کوروناٹریول پاسپورٹ کی جانچ شروع کردی۔