لاہور،ملتان ، اسلام آباد ،کراچی ، کوئٹہ ، نیویارک ( رپورٹنگ ٹیم، اے ایف پی ) ملک بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں ، ایک دن میں وائرس نے 83 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیئے جبکہ ریکارڈ 5385 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 23799 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5385 کے نتائج مثبت آئے ۔ کورونا سے مزید83 افراد لقمہ اجل بنے ،ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2255 ہوگئی، متاثرین1لاکھ 13ہزار 702 ہوگئے جبکہ36308 مریض صحتیاب ہوچکے ۔ ابتک7 لاکھ 54 ہزار252 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔ سب سے زیادہ کیس پنجاب میں ہیں جہاں ابتک 43460 افراد میں کوویڈ 19 کی تصدیق ہوچکی ۔ سندھ میں 41 ہزار 303، خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں7 ہزار 31 ، گلگت بلتستان میں 974، آزاد کشمیر میں 444 اور اسلام آباد میں5963 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی۔ پنجاب میں ریکارڈ2641 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی جبکہ 34مریض چل بسے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق لاہورمیں 1408، ننکانہ13، قصور8، شیخوپورہ61، راولپنڈی254، اٹک6، چکوال 3، گوجرانوالہ49 ، سیالکوٹ 37،گجرات5، حافظ آباد3، ملتان147، وہاڑی7، فیصل آباد228، چنیوٹ9، ٹوبہ 26، جھنگ20 ،رحیمیارخان 9، سرگودھا میں 14، میانوالی 2،خوشاب2، بھکر2، بہاولنگر17، بہاولپور99، لودھراں 11، ڈی جی خان99، مظفر گڑھ49، راجن پور 5،لیہ 38، ساہیوال8، اوکاڑہ1، پاکپتن میں 1 کیس سامنے آیا۔ ابتک 308,806 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 8643 ہو چکی ۔پنجاب میں تقریبا31ہزار مرد اور 12ہزار خواتین کورونا کا شکار ہوئے ، لاک ڈاون کھولنے کے بعد31سے 45سال کے عمر کے لوگ زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، گزشتہ روز تک ان کی تعداد 13ہزار340ہو گئی ،16سے 30سال تک کے 12ہزار963افراد، 46سے 60سال تک کے 9ہزار132افراد، 61سے 75تک کی عمر کے 4ہزار105افراد اور 75 سال سے اوپر تک کے 648افراد متاثر ہوئے ۔کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 2318ہو گئی ۔ کورونا سے مزید 122 ہیلتھ کئیر ورکرز متاثر ہوگئے ، مجموعی تعداد 3450 ہوگئی،ابتک 34 ہیلتھ کئیر ورکرز جان کی بازی ہار چکے ۔ کورونا سے متاثر ہ ڈاکٹرز کی مجموعی تعداد 2047 ہو چکی ۔گزشتہ روز مزید 4ارکان پارلیمنٹ میں کوروناکی تشخیص ہوگئی،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم این اے احسن اقبال،پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب ،رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری ، بلوچستان سے سینیٹرثناجمالی، تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان ، چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن چیلا رام بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔ پمز آئسولیشن وارڈ کی سربراہ ڈاکٹر نسیم اختر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ ڈاکٹر نسیم اختر کے شوہر اور دو بیٹوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔پنجاب یونیورسٹی کے سابق چیف لائبریرین چودھری حنیف،علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تعینات کسٹمز انسپکٹر ندیم احمد کورونا کے باعث انتقال کر گئے ۔حسن ابدال میں 63سالہ محفوظ حسین جاں بحق ہو گیا۔ شیخوپورہ میں کورونا کے مزید تین مریض دم توڑ گئے جن میں ریٹائرڈ ڈی ایس پی قمرالزمان اور دو خواتین شامل ہیں ۔پراسیکیوٹر جنرل آفس پنجاب میں13 مشتبہ مریضوں کی موجودگی پرسیکرٹری صحت کو ملازمین کے ٹیسٹ کیلئے مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔سپریم کورٹ میں قائم نجی بینک کے منیجر ، سپریم کورٹ بار کے ایڈمن افسر راجہ اشفاق، جوڈیشل کمپلیکس میں قائم اینٹی ڈمپنگ کورٹ کے ریڈراحمد ، کلرک شفیق الرحمن،ایل ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون خواجہ حماد،کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے اسسٹمنٹ سیل کے ملازم حافظ مدثر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔کورونا کا شکارپروفیسر ڈاکٹر مجید چودھری صحتیاب ہوگئے ۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کورونا کے 9100 ٹیسٹوں کے نتیجے میں 2487 نئے کیس سامنے آئے جو نئے کیسز کی سب سے زیادہ شرح ہے جبکہ ابتک سب سے زیادہ مزید42 مریضوں کی ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد738 ہوگئی،493 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1111 مریض صحتیاب ہوئے جسکے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 21007 ہوگئی جو 48.3 فیصد ہے ۔ بلوچستان میں 304نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد7335جبکہ مزید4افراد جاں بحق ہوگئے ۔معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے عالمی ادارہ صحت کے خط پر ردعمل میں کہا ہے ڈبلیوایچ او کی تجاویزپرعملدرآمد ضروری نہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مراسلے کے حوالے سے بیان میں ڈاکٹر ظفرمرزانے کہا ہم نے عوام کے بہترین مفاد میں بہترین خود مختار فیصلے کئے ہیں اور کورونا کے معاملے پرسوچی سمجھی حکمت عملی اپنائی۔صوبوں کیساتھ ملکر فیصلہ سازی کی جاتی ہے ۔ ہمیں مشکل فیصلے کرنا پڑے ہیں۔لوگوں کی زندگیاں، روزگار بچانے اور ان کے درمیان توازن رکھنے کی حکمت عملی پرعمل پیرا ہیں۔ادھر دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 7,397,723 جبکہ اموات416,368 ہو گئیں ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید3,220 اموات ہوئیں جبکہ 83,992نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ بھارت میں ایک روز میں 12,151 نئے کیس سامنے آگئے جبکہ 387 مریض چل بسے ۔نئی دہلی میں ڈپٹی وزیر اعلی منیش سسوڈیا نے کہا جولائی کے اختتام تک پانچ لاکھ مریض صرف اس شہر میں سامنے آ سکتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے رواں ماہ کے اواخر تک ووہان میں قونصلخانہ دوبارہ کھول دیں گے ۔فرانسیسی صدر میکغوں اور جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی وبا کا مقابلہ کرنے کیلئے یونین کو بڑے پیمانے پر تیاری کرنی چاہئے ۔اطالوی پراسیکیوٹر کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کے حوالے سے وزیراعظم کونٹے ، وزیر داخلہ اور صحت کے حکام سے تفتیش کریں گے ۔