اسلا م آباد ، لاہور، کراچی، پشاور، اٹک (رپورٹنگ ٹیم،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید5افرادکی جان لے لی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 11.55فیصد رہی،6808نئے مریض رپورٹ ہوئے جو 21ماہ میں ایک دن میں رپورٹ ہونیوالے سب سے زیادہ کیسز ہیں اور فعال کیس 51094ہو گئے ،918مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ کوروناویکسین کی مزید 794595خوراکیں لگائی گئیں۔ ابتک 78389942افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی۔ شہریوں کی بے احتیاطی اور ایس او پیز پر عملدر آمد نہ کرنے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں کورونا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندربلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 1439نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 12542ہو گئے جبکہ لاہورمیں مزید2 مریضوں کی جان چلی گئی ۔ لاہورسے کورونا کے مزید1124 ،راولپنڈی سے 144،ملتان اور فیصل آباد سے 29 انتیس، سیالکوٹ سے 16، سرگودھا سے 12،شیخوپورہ سے 10، گوجرانوالہ سے 9، قصور سے 3 کیس رپورٹ ہوئے ۔لاہورمیں کورونا مثبت کیسز کی شرح 14.3 فیصد جبکہ راولپنڈی میں 12.8 فیصد رہی۔دریں اثنا پنجاب میں اومیکرون کیسز میں اضافہ جاری ہے اورمزید30مریض رپورٹ ہوئے جبکہ تعداد590ہو گئی۔لاہور سے ہی مذکورہ 30نئے اومیکرون مریض رپورٹ ہوئے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس میں ایک سیشن جج سمیت9افراد کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ کورونا سے متاثرہ اسلام آباد ہائیکورٹ ڈائری برانچ کے انچارج اسسٹنٹ رجسٹرار اسد خان ، ایڈووکیٹ جنرل آفس کے 3 اسٹیٹ کونسلز ، جوڈیشل کمپلیکس میں سپیشل جج سنٹرل راجہ آصف محمود اور انکی عدالت کے 4 افراد نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ اسلام آباد میں کورونا کے ابتک کے سب سے زیادہ یومیہ کیس رپورٹ ہوئے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق اسلام آباد میں مزید1131افراد میں کورونا کی تشخیص ہوگئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 15.5 فیصد تک پہنچ گئی۔این سی او سی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں کارروائیوں کا آغاز کر دیا اور ہر قسم کے ان ڈور کھانوں پر پابندی لگا دی گئی ۔کورونا مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح 41.06کراچی میں ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ صحت سندھ سیکرٹریٹ کے 19 ملازمین کوروناہونے پر قرنطینہ ہوگئے ۔سندھ سیکرٹریٹ میں غیر ضروری افراد کا داخلہ بند کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں کوروناکے مزید 17 مریض دم توڑ گئے جبکہ 3739 نئے کیسز میں سے 3289 کراچی سے سامنے آئے ۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میجر(ر)طاہر صادق اور رکن خیبرپختونخوا اسمبلی اکبر ایوب خان کو بھی کورونا ہوگیا۔محکمہ داخلہ وقبائلی امور خیبر پختونخوا نے این سی او سی فیصلوں کے تناظر میں نئی پابندیاں لگانے کا اعلامیہ جاری کردیا جبکہ 10 فیصد سے زائد کورونا کیسز والے شہروں میں پابندیاں سخت کردی گئیں۔پشاور میں کورونا کیسز پرانسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کو غیر معینہ مدت تک بند کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق طلبہ کو یونیورسٹی ہاسٹل بھی جلد خالی کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ یونیورسٹی میں شیڈول کے مطابق ہونیوالے امتحان بھی معطل کردیئے گئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں55لاکھ90ہزارسے زائد ہو گئیں۔ بھارت میں کورونا کا قہر جاری ہے اورمزید3 لاکھ سے زائد نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ سینکڑوں ہلاک ہوگئے ۔کورونا کو مذاق سمجھنے والی چیک ری پبلک کی معروف گلوکارہ ہانا ہورکابھی کورونا کے باعث ہلاک ہوگئی۔سعودی عرب میں اومیکرون کیسز میں ہزاروں کی تعداد میں اضافہ پر مکہ مکرمہ میں مسجد حرام اور دیگرعوامی مقامات پرسماجی فاصلے کی پابندی دوبارہ نافذ کردی گئی جبکہ گھر کے اندر اور باہر ماسک پہننا بھی لازم قرار دیدیا گیا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے جاری بیان میں کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود عمرہ ادائیگی پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جائیگی۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بیان میں کہا کہ انگلینڈ میں 27جنوری سے کورونا پابندیاں نرم ہوجائینگی۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اومیکرون پھیلنے پر ملک میں لاک ڈائون نہ لگانے تاہم پابندیاں سخت کرنیکا اعلان کردیا۔