اسلا م آباد ،لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید63افرادجاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد11746ہو گئی ، ملک بھر میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ویکسینیشن کا آغاز آج سے ہوگا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ملک میں کورونا کے 1220نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد547648ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد33365ہو گئی،1881مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل502537صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید46مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ424نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد4793ہوگئی ۔ لاہورمیں 230، فیصل آباد67اور گوجرانوالہ میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ڈی آئی جی آغا یوسف بھی کورونامیں مبتلا ہوگئے اور خود کو قرنطینہ کرلیا ۔کورونا ویکسین لگنے کیلئے میوہسپتال لاہور میں ویکسین سنٹربنادیا گیا جبکہ ویکسین کو سٹور کرنے کیلئے بائیو میڈیکل فریزر بھی نصب کر دیا گیا۔ ویکسین لگنے سے پہلے ہیلتھ کیئر ورکرز کی شوگر اور بلڈپریشر چیک ہوگا، رجسٹرڈ ورکر کو مخصوص نمبر کی ویکسین لگائی جائیگی۔ ویکسین لگنے کے 30 منٹ تک ہیلتھ کیئر ورکر کو نگہداشت میں رکھا جائیگا۔ ویکسین سے طبیعت ناساز ہونے کی صورت میں طبی امداد کیلئے کورونا ویکسین سنٹر میں آکسیجن اور مختلف آلات نصب کئے گئے ہیں ۔پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت نوشین حامد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبوں کو ویکسین بھیج دی گئی ہے ۔ کراچی، لاہور، حیدرآباد اورپشاور میں کورونا کیسز زیادہ ہیں اسلئے ان شہروں میں پہلے ویکسین بھیجی گئی ہے ۔ ایک ہفتے میں مزید ویکسین آرہی ،پہلے ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگے گی،پانچ لاکھ ہیلتھ کیئر ورکرز رجسٹرڈ کئے گئے ہیں۔ آسٹرا زینکا کے 60 لاکھ نوزلز پاکستان پہنچے ہیں۔ دریں اثنا سندھ کیلئے کورونا ویکسین کی 83 ہزار خوراکیں صوبائی حکام کے حوالے کی گئیں۔پہلی کھیپ سے 41 ہزار 500 فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسینیٹ کیا جاسکے گا ۔سندھ میں ویکسین لگانے کی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگی۔ سندھ میں 14 ویکسینیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 9 کراچی میں ہیں۔ادھرخیبر پختونخوا حکومت کو 16ہزارویکسین خوراکیں موصول گئیں۔پاکستان میں 3 ماہ بعد یومیہ کورونا کیسز کی سب سے کم تعداد ریکارڈ کی گئی۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں22لاکھ55ہزارسے زائد ہو گئیں۔ متحدہ عرب امارات میں 3310 نئے کورونا مریضوں کی تشخیص ہوئی اور 7 کا انتقال ہوگیا۔تیونس میں کورونا وائرس سے 600 سے زائد بچے متاثر ہوگئے ۔ کورونا کی نئی لہر کے باعث سعودی عرب نے آج سے پاکستان سمیت 20 ممالک سے آنیوالے مسافروں پر عارضی پابندی عائد کردی۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سعودی شہری، سفارتکار، طبی عملہ اور انکے اہلخانہ پابندی سے مستثنیٰ ہونگے ۔پابندی کا شکار ممالک میں بھارت، امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی ،برازیل ، پرتگال، ترکی، جنوبی افریقہ، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، جاپان،جرمنی اور مصر بھی شامل ہیں۔تاہم مسافروں کی آسانی کیلئے پی آئی اے نے سعودی عرب آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق سعودی عرب سے آنیوالے مسافروں کیلئے پروازیں جاری رکھی جائینگی۔پابندی ختم ہوتے ہی تمام بکنگ کو پہلی پروازوں پر بحال کردیا جائیگا ۔ برطانیہ کو نئی قسم کے کورونا وائرس نے تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ برطانوی سائنسدانوں اور حکام کا کہنا ہے کہ نیا کوروناوائرس کچھ جینیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہے ،کچھ نمونوں پر ٹیسٹ مختلف آتے ہیں جسے E484K کہا جاتا ہے ، جو پہلے ہی جنوبی افریقہ اور برازیل کے مختلف خطوں میں سامنے آچکا جو تشویش کا باعث ہے ۔ ویکسین کا استعمال جاری رہیگا، برطانیہ نے مختلف وائرسز کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات تیز کردیئے ہیں۔انگلینڈ کے کچھ حصوں میں نئی قسم کے وائرس کی روک تھام کیلئے ہنگامی جانچ شروع ہے اور بیرون ملک سے وائرس کا مزید داخلہ روکنے کیلئے سفری پابندیاں لگائی گئی ہیں۔آسٹریا میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ملک میں داخلے کے نئے اصول مزید سخت کردیئے گئے ، منفی ٹیسٹ کے باوجود مسافروں کو 10 دن قرنطینہ میں رہنا لازمی ہوگا۔ ماسک نہ پہننے پر جرمانے کی رقم چار گنا بڑھا کر 25 سے 90 یورو تک کردی گئی۔ تمام علاقوں میں کنٹرول میں اضافہ اور پڑوسی ممالک کیساتھ سخت سرحدی کنٹرول بڑھا دیا گیا ۔ جنوبی کوریا میں کورونا کیسز میں کمی سامنے آئی تاہم مزید 10 اموات ہوئیں۔ کورونا کی وجہ سے سپین میں رواں سال بھی بُل فیسٹیول نہیں ہو گا۔ دریں اثنا دنیا بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے ۔امریکہ سمیت مختلف ممالک میں سٹیڈیم، گرجا گھر ،تھیم پارک عارضی ویکسینیشن سنٹرز میں تبدیل کردیئے گئے ۔جنوبی افریقہ میں پہلی کورونا ویکسین آسٹرا زینیکا کی 10 لاکھ خوراکیں پہنچا دی گئی ہیں جبکہ فرانس میں آسٹرازینیکا ویکسین اگلے ہفتے پہنچائی جائیگی۔ اٹلی کے مختلف ریجن میں پابندیوں میں نرمی کردی گئی ۔یونان میں200 تعلیمی اداروں کو کورونا کیسز سامنے آنے پربند کردیا گیا۔امریکی ماہر ڈاکٹر نے کہا کہ ویکسینیشن سے کورونا وائرس کے میوٹیشن کو روکنے میں مدد ملے گی۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ایک تقریب میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز کر دیا ،پاکستان میں کورونا کی پہلی ویکسین پمز ہسپتال کے ڈاکٹر رانا عمران سکندر کو لگائی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ چین نے 5لاکھ ویکسین پاکستان کو عطیہ کی ہیں جس پر میں چینی حکومت کا شکر گزار ہوں جبکہ میں اپنی پوری ٹیم کو تیزی سے کام کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ویکسین پہلے فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائیگی۔ تمام صوبوں میں ویکسین کو منصفانہ تقسیم کیا جائیگا۔ ہیلتھ ورکرز کیلئے ویکسین لگوانا بہت ضروری ہے ۔ میں دوبارہ عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ سب ماسک لازمی پہنیں۔ ماسک کی وجہ سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے اور ایس او پیز پرعمل کرنے سے ہم وائرس سے بچ سکتے ہیں۔امریکہ اور برطانیہ میں پورا لاک ڈاؤن ہے ،ویکسین آنے کے باوجود وائرس کا خطرہ ختم نہیں ہوا۔ امریکہ میں ساڑھے چارلاکھ سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں، تاہم اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان میں اکانومی بھی چل رہی ہے ۔ ہم نے سکولوں کو کھول دیا اور اب ہسپتالوں کو بھی عام مریضو ں کیلئے کھول دیا جائیگا۔