واشنگٹن ،ریاض، روم (92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، اے ایف پی، نیوزایجنسیاں ) کوروناوائرس سے دنیابھرمیں ہلاکتیں58 ہزار جبکہ متاثرین پونے 11لاکھ سے بڑھ گئے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید5,150 مریض چل بسے جبکہ 72,297 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔مجموعی ہلاکتیں58,317 جبکہ متاثرین 1,087,362 ہوگئے ،227,989 مریض صحتیاب جبکہ 39,402 کی حالت تشویشناک ہے ۔ فرانس1,120،امریکہ 856،اٹلی786، برطانیہ میں 684، سپین587، نیدرلینڈز148، ایران134 ، بلجیم 132،جرمنی127، ترکی69، سوئٹزرلینڈ55 ، سویڈن50، پرتگال37، فلپائن29، ایکواڈور25،آئرلینڈ22، برازیل 20،الجیریا19،رومانیہ18، ڈنمارک16، میکسیکو13، انڈونیشیا11،آسٹریا 10، ناروے ، چیک ریپبلک 9،9، پولینڈ ،مصر، سربیا، ڈومنیکن ریپبلک8،8، یونان 6،6،کینیڈا، جنوبی کوریا، ہنگری5،5،چین، سعودی عرب، تھائی لینڈ، جنوبی افریقہ، تیونس، بلغاریہ، روس، اسرائیل4،4، آسٹریلیا، ملائشیا، ارجنٹائن، سلوینیا، مراکو، قازقستان میں 3،3چل بسے ۔ یورپ میں ہلاکتیں 41ہزارسے تجاوز کر گئیں۔امریکہ25,173، جرمنی6,170، سپین5,645، فرانس5,233، اٹلی4,585، برطانیہ4,450 ،ترکی2,786، ایران میں مزید2,715 کیس سامنے آگئے ۔ نیویارک میں متاثرین کی تعدادایک لاکھ سے تجاوزکرگئی۔برطانیہ نے یومیہ 500 اموات کے بعدحکمتِ عملی تبدیل کر دی ، اب روزانہ ایک لاکھ ٹیسٹ کرنے اور مزید فیلڈ ہسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ شہزادہ چارلس نے لندن میں کورونا مریضوں کیلئے 4ہزار بستروں پرمشتمل نائٹ اینگل ہسپتال کا ویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح کیا۔ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کورونا کے حوالے سے اتوار کو برطانیہ اور دولت مشترکہ کے ممالک کیلئے خصوصی پیغام جاری کرینگی جو ٹی وی پر نشر کیا جائیگا۔برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے متنبہ کیا ہے اگر ملک میں مکمل لاک ڈائون نہیں کیا جاتا تو کورونا وائرس سے لگ بھگ نصف ملین برطانوی ہلاک ہوسکتے ہیں۔ ترک صدر اردوان نے 20 سال تک کی عمر کے شہریوں پر گھروں سے باہر نکلنے جبکہ استنبول اور انقرہ سمیت 31شہروں اور قصبوں میں آنے جانے کی مکمل پابندی عائد کر دی ۔جاپان نے امریکہ، برطانیہ اور چین سمیت 70 ممالک سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے ۔ کربلا میں حکام نے زائرین کی مقدس مقامات پر حاضری پر پابندی لگا دی ۔سعودی عرب نے طیف، القطیف اور دمام میں کرفیو کا دورانیہ بڑھا دیا اور اب کرفیو سہ پہر تین بجے تک نافذ رہے گا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز جمعہ ادا کی گئی جن میں مقامی افرادیا زائرین کو شرکت کی اجازت نہیں تھی۔سنگا پور نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے آئندہ بدھ سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ۔8 اپریل کو تعلیمی ادارے جبکہ7 اپریل سے دفاتر و کاروبار بند ہوجائیں گے ۔ شام میں کرفیو کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ دمشق میں سیدہ زینب ؓ کا مزار بھی سیل کر دیا گیا ۔ اردن نے بھی24 گھنٹے طویل ملک گیر کرفیوکا اعلان کیا ہے ۔یونان میں تارکین وطن کے ایک کیمپ اور ایک مسافر بحری جہاز کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے مراکز قرار دیا گیا ہے ۔ جہاز پر 380 افراد میں سے 119 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ایتھنز کے قریب ایک کیمپ میں یہ تعداد 24ہے ۔چین میں آج کورونا سے مرنیوالے شہریوں ، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی یاد میں سوگ منایا جائیگا۔ پرچم سرنگوں رہے گا۔ صبح 10بجے 3منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی۔ بعد ازاں گاڑیوں ، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے ہارن بجائے جائینگے ۔عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او اور آئی ایم ایف کے سربراہوں نے کہا ہے کورونا کی وبا کے دوران روزگار کی نسبت جانیں بچانا زیادہ اہم ہے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے ، جس میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر تعاون اور کثیر الجہتی حکمت عملی پر زور دیا گیا ہے ۔قرارداد میں نسل پرستی، امتیازی سلوک، اجنبیوں سے خوف جیسے مسائل کے انسداد اور انسانی حقوق کے احترام پر بھی زور دیا گیا ہے ۔قرارداد کا مسودہ سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، سنگاپور، ناروے ، گھانا اور لائشٹ سٹائن نے پیش کیا اور 188 ممالک نے اس کی حمایت میں ووٹ ڈالا۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق 18ایسے علاقے ہیں جہاں ابھی تک کورونا وائرس کا ایک بھی مصدقہ مریض سامنے نہیں آیا۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں آبادی بہت کم یا آمرانہ حکومتیں ہیں۔