اسلا م آباد ، لاہور، کراچی، پشاور ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید37افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد8398ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 3795نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد420294ہوگئی جبکہ فعال کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور انکی تعداد55354ہو گئی،2539مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 356542 صحتیاب ہو چکے ۔ ملک بھر میں کوروناکے مثبت کیسز کی شرح 7.9 فیصد ہو گئی ۔ لاہور میں کیسز کی شرح 5.47اورراولپنڈی میں 11.26 فیصد ہوگئی۔کورونا سے خیبر پختونخوا کی لیڈی ڈاکٹر عالیہ سرفراز بھی شہید ہوگئیں،وہ اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں ۔پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں کوروناسے شہید ڈاکٹروں کی تعداد 27 ہوگئی ہے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید15مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی تعداد3177ہوگئی جبکہ807نئے کیس سامنے آگئے ۔سرکاری ہسپتالوں میں مختص 35فیصد وینٹی لیٹرز مریضوں سے بھر گئے ۔ لاہورمیں 340،راولپنڈی226، بہاولپور52، فیصل آباد 26، منڈی بہاؤالدین 19اور مظفرگڑھ میں 2کیسز رپورٹ ہوئے ۔پنجاب بناولینٹ فنڈ کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد مسعود کورونا کے باعث انتقال کرگئے جبکہ دیگر ملازمین نے سیکرٹری اﷲ رکھا انجم سے تمام عملہ کے کورونا ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کردیا ۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کالا شاہ کاکو کیمپس کو ایک بار پھر کورونا مریضوں کیلئے قرنطینہ سنٹر بنا دیا گیا جبکہ کیمپس کے ہاسٹلز بھی خالی کروا لئے گئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 3 مریض جاں بحق ہوگئے ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل نے ترک میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کورونا ویکسین کے حصول کیلئے چین، روس اور دیگر ممالک سے بات چیت کر رہے ہیں۔ ویکسین پاکستان میں آئندہ سال جنوری سے مارچ کے درمیان میں دستیاب ہو گی اور پہلے مرحلے میں طبی عملے اور زیادہ عمر کے افراد کو دی جائیگی،بعد میں عوام کا نمبر ہوگا۔دنیا بھر میں ہلاکتیں15اکھ47ہزارسے زائدہوگئیں۔بھارتی سیرم کمپنی نے کوروناویکسین ایسٹرا زینیکا کے ہنگامی صورتحال میں استعمال کی اجازت کی درخواست دیدی ۔امریکہ میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ پرریاست کیلی فورنیا میں نیا سخت لاک ڈائون نافذ کردیا گیا ۔عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، بہت سے کاروبار بند رہیں گے اور لوگوں کے گھروں سے باہر ایک دوسرے سے ملنے پر پابندی ہو گی۔ نئے احکامات ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت واررڈز میں کم ہوتی گنجائش کے پیش نظر عائد کئے گئے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ کے ذاتی اور انتخابی مہم کے وکیل روڈی گیولیانی بھی کورونا کا شکار ہو گئے ۔ ایران کی قدس فورس کے سینئر ممبربریگیڈئیر جنرل عبدالرسول اوستوار کورونا سے جاں بحق ہوگئے ۔وہ عراق میں ایک مشن پر تعینات تھے اور وہاں ہی کورونا میں مبتلا ہوکر دم توڑ گئے ، دو ماہ سے کومے میں تھے ،وہ ایرانی پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر بھی رہ چکے تھے ۔برطانیہ امریکی اور جرمین کمپنیوں کی ویکسین استعمال کرنیوالا پہلا ملک بن گیا، فائزرکی ویکسین لگانے کا آغازآج ہو گا۔ برطانوی وزارت صحت کے مطابق سب سے پہلے ویکسین 80 سال سے زائد عمر کے افراد اور میڈیکل فرنٹ ورکرز کو دی جائیگی۔ انڈونیشیا میں بھی چین کی ویکسین کی 1 کروڑ بیس لاکھ خوراکیں پہنچ گئیں جبکہ ایک کروڑ 80لاکھ خوراکیں جنوری میں مل جائینگی۔دریں اثناعالمی ادارہ صحت نے وبا کی روک تھام کیلئے ویکسینز کے ٹرائلز میں تیزی لانے کیلئے صحت مند نوجوان رضاکاروں کو دانستہ طور پر کوروناسے متاثر کرنے پر غور شروع کردیا ہے ۔