اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید118افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد25788ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.36فیصد رہی،3838نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز94573ہو گئے ،5542مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 2837 مریض صحتیاب ہو گئے ۔ ملک میں ایک روز میں کورونا ویکسین لگانے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ ابتک ویکسین کی کل 55178137خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1405214افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ ابتک 42720675افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 16866627افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق کورونا میں مبتلا قومی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی طبیعت ناسازہوگئی،ان کو 28اگست کوملٹری ہسپتال کے کوروناوارڈمیں منتقل کیاگیاتھا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 1839نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 25804ہو گئے جبکہ لاہور کے 24سمیت صوبہ میں مزید53مریضوں کی جان چلی گئی ۔لاہور میں838، راولپنڈی181،فیصل آباد 83، سرگودھا 80، ملتان59،گوجرانوالہ46،ننکانہ صاحب42، سیالکوٹ31شیخوپورہ 29 ،قصورمیں20کیس رپورٹ ہوئے ۔صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 8 جبکہ لاہور میں 10.3،راولپنڈی میں 9.2ملتان میں 4.1فیصل آباد میں7اورسرگودھا میں 9.9فیصدریکارڈ کی گئی۔سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے لاہور ایکسپو ویکسی نیشن سنٹر کا دورہ بھی کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، سپیشل سیکرٹری سلمان غنی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر HISDU احمر خان بھی ہمراہ تھے ۔دریں اثنا کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے لاہور ضلع انتظامیہ اور پولیس کی بڑی بیٹھک میں فیصلہ کیا گیا کہ آج سے لاہور میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے اور ویکسین نہ لگوانے والوں کو بنیادی سہولیات نہیں ملیں گی۔ویکسین نہ لگوانے والوں کو اب جیل کی ہوابھی کھانی ہو گی ۔ کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان نے کہا کہ شہر میں 40 فیصد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی اور جنہوں نے نہیں لگوائی اب ان سے سختی کیساتھ نمٹا جائیگا۔ سرکاری ملازمین پر ویکسی نیشن نہ کر انے پر پیڈا ایکٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہر دکان، مارکیٹ، شاپنگ مال پر آنیوالے شہری کی ویکسی نیشن تصدیق کی جائیگی، بغیرویکسی نیشن داخلہ بند ہوگا۔یکم ستمبر سے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیل کسی کاروبار یا دکان کی ڈی سیلنگ 7 دن سے پہلے نہیں ہوگی۔ شاپنگ مالز میں بغیر ویکسین افراد کو گرفتار کیا جائیگا۔ ٹرانسپورٹ، فیول اور ریسٹورنٹس میں سروسز فراہمی بند کی جائیگی۔آج سے انتظامیہ اورپولیس فلیگ مارچ کے دوران ہر جگہ چیکنگ کریگی۔ گزشتہ روز لاہور میں 1لاکھ 24ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ آج سے 17 سال سے زائد عمر نوجوانوں کو بھی ویکسین لگے گی۔لاہور میں 60 فیصد ان ویکسینیٹڈ آبادی کو ہدف بنائینگے ۔آج سے ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے اقدامات سب کو نظر آئیں گے ، ویکسین نہ لگوانے والے شہری کو شہر میں کوئی سروس فراہم نہیں ہوگی۔ آوٹ ڈور شادیوں میں بھی شرکا کی تعداد چیک جبکہ تھانہ سطح پر انفورسمنٹ کمیٹیاں فعال کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر تشکیل ٹیمیں مارکیٹس، شاپنگ مالز، سکولز سمیت ہر جگہ پر جا کر چیکنگ کرینگی، سختی ہوگی۔ شہری ماسک پہنیں،ویکسین لگوائیں۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام پابندیوں کی تفصیلی فہرست جاری کریگی۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور نے بیان میں کہا کہ این سی اوسی کی ہدایت پر 15 ستمبر تک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں45لاکھ30ہزار سے زائد ہو گئیں۔آسٹریلیا کے شہرسڈنی میں کورونا خطرات کے پیش نظرلاک ڈائون میں ستمبر کے آخر تک توسیع کر دی گئی۔عالمی ادارہ صحت نے یورپی ممالک میں پھر کوروناکے پھیلائو اور ہلاکتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔عالمی ادارہ صحت کے یورپی دفتر کے سربراہ ہانس کلوگے نے کوپن ہیگن میں پریس کانفرنس میں کہا کہ یورپی شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں، خطرے سے منہ موڑنے کی پالیسی نامناسب ہے ۔ ابتک وبا سے یورپ میں13لاکھ انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں،مزیدتساہلی برتی تو یکم دسمبر تک مزید 2لاکھ 36 ہزار ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔ دریں اثنا یورپی یونین نے تجویز پیش کی کہ رکن ممالک امریکی سیاحوں کے داخلے پر دوبارہ پابندی عائد کر دیں۔