لاہور، ملتان ،اسلام آباد،کراچی،پشاور ،واشنگٹن، برسلز (جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر، خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر، 92نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، اے ایف پی ، نیوزایجنسیاں )ملک میں کورونا وائرس سے مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متاثرین کی تعداد 5362 ہوگئی ۔ محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں24گھنٹے میں مزید 3افرادجاں بحق ہوئے جبکہ 47نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ وزارت صحت کے مطابق ہلاکتیں مردان، پشاور ،صوابی میں ہوئیں۔ تمام افراد کی تبلیغی جماعت کیساتھ ٹریول ہسٹری موجود ہے ۔خیبرپختونخوا میں ہلاکتیں34ہوگئیں۔سندھ میں مزید 2 افراد کورونا وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے ۔وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں 2 ہلاکتوں اور 93 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے گذشتہ24گھنٹوں کے دوران 569 ٹیسٹ کئے گئے ، ان میں سے 93 مثبت آئے ،ابتک ٹیسٹوں کی تعداد13309 ہے جبکہ مثبت کیسز کی تعداد 1411 ہوگئی ، اموات کی تعداد 30 یعنی 2.1 فیصد ہے ۔کورونا مریضوں میں68.3 فیصد مرد جبکہ31.7 فیصد خواتین ہیں۔ ملک بھر میں گزشتہ روز 324 نئے کیس رپورٹ ہو ئے ۔ پنجاب 169،سندھ93، خیبرپختونخوا 47، گلگت بلتستان 8، آزاد کشمیر6، بلوچستان2 اور اسلام آباد میں ایک کیس سامنے آیا۔ متاثرین کی مجموعی تعداد5362 ہو گئی ، 1028مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ 37 کی حالت تشویشناک ہے ۔ابتک 91 افراد جاں بحق ہوچکے ۔پنجاب میں 2594، سندھ 1411، خیبر پختونخوا 744، بلوچستان230، گلگت بلتستان 224، اسلام آباد 119 اور آزاد کشمیر میں 40 کیس رپورٹ ہوچکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق 701 زائرین سنٹرز، 821 رائیونڈ سے منسلک افراد، 89 قیدیوں، 983 عام شہریوں میں کورونا وائرس پایا گیا۔کیمپ جیل لاہور 59، سیالکوٹ جیل 14، گوجرانوالہ جیل 7 اور ڈی جی خان میں 9 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ڈی جی خان میں221 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں23 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ۔رائیونڈ مرکز میں 463، شیخوپورہ 8، منڈی بہائوالدین میں 17، سرگودھا 35، میانوالی 7، وہاڑی 37، راولپنڈی میں 6، جہلم میں 35 تبلیغی ارکان کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔ ننکانہ 2، گجرات 10، گوجرانوالہ 2، رحیمیار خان 4، بھکر 61، خوشاب 2، راجن پور 9، حافظ آباد 35، سیالکوٹ 19، لیہ 16، مظفر گڑھ 23، ناروال 15، بہاولنگر 9، فیصل آباد میں 6 تبلیغی ارکان میں کورونا کی تصدیق کی گئی۔ عام شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 434 کنفرم مریض ہیں۔ننکانہ 16، قصور 9، شیخوپورہ 10، راولپنڈی 71، جہلم 27، اٹک 1،چکوال 4، گوجرانوالہ 38، سیالکوٹ 27، ناروال 8، گجرات میں 135 شہری کورونا سے متاثر ہوئے ۔حافظ آباد 12، منڈی بہائوالدین 8، ملتان 23، وہاڑی 19، فیصل آباد 31، چینیوٹ 8، ٹوبہ 2، جھنگ 1، رحیم یار خان 41، سرگودھا میں 8 شہریوں میں تصدیق پائی گئی, میانوالی 10، خوشاب4، بہاولنگر 5، بہاولپور 6، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک کنفرم مریض ہے ۔ کورونا وائرس سے ابتک کل 21 اموات، 39 افراد صحتیاب ہو چکے ۔ میو ہسپتال لاہور سے مزید 11 مریضوں کو صحتیاب ہونے پر ڈسچارج کر دیا گیا۔ تبلیغی جماعت کے 7 غیرملکی کارکن شامل ہیں۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی سے بھی 7 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ۔نشتر ہسپتال ملتان کے 15 ڈاکٹرز سمیت 20 ہیلتھ سٹاف میں کورونا کی تصدیق ہوگئی جنہیں طیب اردوان ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید 150 سے زائد ڈاکٹرز، نرسز کو آئسو لیٹ کردیا گیا جن کی ٹیسٹ رپورٹس کا انتظار ہے ۔کورونا وائرس کے خدشہ کے پیش نظر نشتر ہسپتال کی ڈس انفیکشن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ کراچی کے 4ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے 20 ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوگئی۔اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں بھی مشتبہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کے بعد ڈاکٹروں نے کھانسی اورنزلہ کے مریضوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ سندھ حکومت نے کراچی کی 57 یونین کونسلزکو انتہائی حساس قرار دیدیا ۔سندھ کے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی کا سامنا ہے ،کراچی سمیت صوبے بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں صرف179 وینٹی لیٹر موجود ہیں۔ 179وینٹی لیٹرز میں سے 25 پورٹ ایبل جبکہ درجنوں خراب پڑے ہیں۔ این ڈی ایم اے سے ملنے والے حفاظتی سامان کی ایک اور کھیپ لاہور کے پانچ بڑے ہسپتالوں کو بھجوا دی گئی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) عثمان نے کہا سامان میں 6447گائون، 142644ماسک، 126700گلوز، 2590عینکیں،2306فیس شیلڈ، 16884سوٹ، 8767ہیڈ کیپ، 8036شو کورشامل ہیں۔سامان چلڈرن ہسپتال، جنرل ہسپتال ، میو ہسپتال، جناح ہسپتال اور پی آئی سی بھجوایا گیا۔ آغا خان ہسپتال کراچی نے کورونا وائرس کی سکریننگ اور ٹیسٹ کرنے سے معذرت کرلی ۔ این ڈی ایم اے اور محکمہ صحت کی جانب سے وزیراعظم کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ ملک میں بائیولوجیکل ماہرین کی کمی ہے ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 113,479 ہو گئیں جبکہ متاثرین کی تعداد ساڑھے 18لاکھ کے قریب پہنچ گئی،421,767 مریض صحتیاب جبکہ50,764 کی حالت تشویشناک ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید4,700 مریض چل بسے جبکہ61,380 نئے کیس سامنے آگئے ، متاثرین کی مجموعی تعداد 1,841,123ہو گئی۔امریکہ1,239 ، برطانیہ 737،فرانس561، اٹلی 431،سپین366 ، بلجیم 254، ایران117،ترکی 97، نیدرلینڈز 94، جرمنی90،سوئٹزرلینڈ70،کینیڈا60،فلپائن50، انڈونیشیا 46، بھارت43، میکسیکو40،ڈومنیکن ریپلک 38، جرمنی 36،پرتگال34،پولینڈ،روس24، 24، سعودی عرب میں مزید7مریض دم توڑ گئے ۔ برطانیہ 10 ہزار سے زائد ہلاکتوں والا پانچواں ملک بن گیا ۔ امریکہ میں ہلاکتیں ساڑھے 21ہزار جبکہ متاثرین ساڑھے 5لاکھ سے بڑھ گئے ۔امریکی بحری بیڑے تھیوڈور روزویلٹ کے عملے کے مزید 103 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔بیڑے پر5 ہزار افراد سوار ہیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد 550 ہو گئی ہے ۔ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام ریاستیں آفت زدہ قراردی جا چکی ہیں جس کے تحت ریاستوں کے پاس کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے وفاقی فنڈز بھی موجود ہوں گے ۔سپین کی حکومت نے آج سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا ہے ۔ ایران نے بھی جزوی طور پر معمولات زندگی کو بحال کردیا۔ڈنمارک، آسٹریا اور جمہوریہ چیک نے عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے باوجود لاک ڈاؤن نرم کرنے کا اعلان کردیا اور آج سے کچھ اداروں کو کام کرنے کی اجازت دیدی۔ ڈنمارک نے تو سکول تک کھولنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا اگر اسی طرح کیسز کی رفتارکم رہی تو 13 اپریل کے بعد سکول بھی کھول دیے جائیں گے ۔ناروے حکومت نے بھی 13 اپریل کے بعد ملک میں کچھ نرمیاں کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہالوگوں کو کم سے کم تعداد پر کچھ سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے ۔آسٹریا کی حکومت نے بھی کل سے لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کا اعلان کیا ہے ۔ جرمنی نے بھی عندیہ دیا ہے آئندہ ہفتے کے بعد کچھ نرمیاں کی جا سکتی ہیں۔یورپی یونین کی سربراہ ارژلا فان ڈیئر لائن نے خدشہ ظاہر کیا ہے یورپ میں عمر رسیدہ افراد کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے سال کے آخر تک تنہائی میں رکھنا پڑ سکتا ہے ۔ امید ہے کورونا وائرس کیخلاف ویکسین سال رواں کے اختتام تک تیار کر لی جائے گی۔ عوام کو وائرس کیساتھ جینا سیکھنا ہو گا اور یہ کہ سکول وغیرہ مقابلتا ًجلد کھولے جا سکتے ہیں۔ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے کورونا کے پیش نظر اقدامات کے تناظر میں استعفیٰ دیدیا، سلیمان نے اپنے استعفیٰ میں قوم سے معذرت بھی کی تاہم اصل وجوہات کا تذکرہ نہیں کیا۔صومالیہ کے ریاستی وزیر انصاف خلیف مومن کورونا کے باعث جاں بحق ہو گئے ۔انڈونیشیا میں رمضان کی آمد کے پیش نظر سفر کا نیا ضابطہ جار کر دیا گیا،جسکے تحت بسوں، ٹرینوں اور ہوائی جہازوں کو صرف نصف نشستوں پر مسافروں کو بٹھانے کی اجازت ہو گی۔