لاہور ، اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ، نیویارک (جنرل رپورٹر ،نیوز رپورٹر ،نمائندہ خصوصی سے ،سپیشل رپورٹر ، وقائع نگار،خبر نگار،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) ملک میں کورونا سے مزید92 اموات ہو گئیں جبکہ 2082نئے کیس سامنے آگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران51523 ٹیسٹ کیے گئے ۔ مثبت کیسز کی شرح 3.93فیصد رہی ۔ مجموعی اموات 21022، متاثرین 926695، فعال کیس 53099ہوگئے ۔ پنجاب میں48 اموات،432 نئے کیس،983 مریض صحتیاب ہو گئے ۔ لاہور میں 15 مریض جاں بحق،138افراد متاثر ہوگئے ۔ وفاقی وزیر اسدعمر کی زیر صدارت این سی اوسی اجلاس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس او پیز پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمامتر اقدامات اٹھائے جانے کیساتھ بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم جاری رکھی جائے گی۔ این سی او سی نے ایک ڈوز لگواکر بیرون ملک جانے اور آنے والوں کیلئے جزوی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کی منظوری دیدی۔ ملک میں18 سال اور زائد عمر افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا۔وفاقی وزیر اسد عمرنے اپنی ٹویٹ میں کہا ابتک ویکسین کی خریداری تقریبا 25 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ،ویکسی نیشن ڈرائیو میں تیزی حکومت کی بڑی سرمایہ کاری کے باعث ممکن ہوئی۔ پنجاب میں رواں سال کے اختتام تک7کروڑ سے زائد شہریوں کو ویکسین لگا دی جائے گی۔ ویکسینیشن کے عمل کی موثر نگرانی کیلئے وزیر صحت کی سربراہی میں پراونشل ٹاسک فورس بنائی گئی ہے ۔محکمہ سکولز ایجوکیشن نے 7جون سے تمام سکول کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، طلباکو 50فیصد حاضری کے تحت بلایا جائے گا ۔ حکومت نے لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، میانوالی، جھنگ اور بہاولنگر کے ایسے میڈیکل سٹورز جن کے لائسنس زائد المیعاد ہوگئے تھے ، انہیں بحال کر دیا ۔ریلوے پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پرمیو گارڈن کے نجی شادی ہال کے کنٹریکٹر سمیت 7افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیاجبکہ5افراد گرفتار کر لیے ۔ادھردنیا بھر میں ہلاکتیں37.12لاکھ جبکہ متاثرین 17.27کروڑ سے بڑھ گئے ۔بھارت میں کورونا سے ہلاک1200 لاوارث لاشوں کی آخری رسومات اداکر دی گئیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے دنیا بھر میں ویکسین کی 8کروڑ ویکسین تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جن میں سے 75فیصد کوویکس پروگرام کے تحت تقسیم کی جائینگی۔امریکی صدر نے کہا 4جولائی تک 70فیصد امریکیوں کی ویکسینیشن کردی جائے گی۔ ویکسینیشن پرٹیکس کریڈٹ و دیگر مراعات بھی دی جائیں گی۔ ری پبلکنز نے ملازمین یا صارفین سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ مانگنے پرحکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔عمان نے برطانیہ، بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش سے آنے والے مسافروں پر پابندی میں توسیع کردی ۔ دنیا میں ویکسین کی2 ارب سے زائد خوراکیں لگائی جاچکیں۔شمالی کوریا، ہیٹی، تنزانیہ، چاڈ، برونڈی اور اریٹیریا میں تاحال ویکسی نیشن شروع نہیں کی جاسکی۔