لاہور، اسلام آباد ،پشاور ،کراچی ،کوئٹہ ، واشنگٹن (جنرل رپورٹر ، وقائع نگار،نیوز رپورٹر ،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ،نیوز ایجنسیاں) ملک میں کوروناوائرس کے مزید44مریض انتقال کر گئے جبکہ1052نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔این سی او سی کے مطابق مجموعی اموات 22152، متاثرین 952907، فعال کیس 32921ہوگئے ۔ گذشتہ24گھنٹوں میں 45924 ٹیسٹ کئے گئے ۔ مثبت کیسز کی شرح2.29فیصد ہو گئی۔ ابتک ویکسین کی 14165288خوراکیں لگائی جاچکیں، 11440648 افراد کو پہلی خوراک جبکہ3601040افراد کو مکمل ویکسین لگائی جا چکی ۔این سی او سی نے بیرون ممالک جانے والوں کو فائزر ویکسین لگانے کی اجازت دیدی۔ سعودی عرب سے کراچی پہنچنے والے 17 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔پنجاب میں 97 کیس اور 12 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ 217 مریض صحتیاب ہو گئے ۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں کے سٹاف کو ویکسین لگوانے کیلئے 30 جون کی ڈیڈ لائن دیدی۔ سندھ میں15 مریض چل بسے جبکہ591 کیس سامنے آئے ۔بلوچستان میں ایک مریض انتقال کرگیا ، 39مزید متاثر ہوگئے ۔یکم اگست سے بی آر ٹی پشاور میں سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن کاسرٹیفکیٹ دکھانا لازمی قراردیدیاگیا۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کورونا کی چوتھی لہر کا خدشہ ظاہر کردیا۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا این سی او سی میں کورونا کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا جس سے پتہ چلا پاکستان میں جولائی میں کورونا کی چوتھی لہر آ سکتی ہے ۔ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے سے کورونا بڑھے گا،شہری ایس او پیز پر عمل کریں اور جتناجلد ممکن ہو ویکسی نیشن کرائیں۔ این سی او سی میں غیرملکی سفارتکاروں اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں کیلئے بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ این سی او سی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر اسد عمر نے قومی حکمت عملی کے کثیر الجہتی پہلو ئوں پر روشنی ڈالی۔ بریفنگ میں وبا کی عالمی اور علاقائی سطح پر موجودگی کا پاکستان میں موجودہ صورتحال سے موازنہ کیاگیا۔ شرکاکو سمارٹ اور مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کے مختلف پہلوئوں اور وبا کا پھیلائو کامیابی سے روکنے سے متعلق بتایا گیا۔ اسدعمر نے کورونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ عالمی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا وبا سے جلد چھٹکارے کیلئے عالمی سطح پر مساوی اور بلاتعطل ویکسین کی فراہمی لازم ہے ۔ادھر دنیا بھر میں متاثرین18.09کروڑ جبکہ ہلاکتیں39.19لاکھ سے بڑھ گئیں ۔سعودی عرب کی 70فیصد بالغ آبادی کوویکسین کی پہلی ڈوزلگ چکی۔ ایران کے مذہبی پیشوا آیت اﷲ علی خامنہ ای نے ملک میں تیار ’کووایران‘ ویکسین لگوالی ۔ ممبئی اور کولکتہ میں ڈھائی ہزار سے زائد افراد کو جعلی ویکسین لگا دی گئی۔ پولیس نے 2 ڈاکٹروں سمیت 13 افرادکو گرفتار کر لیا۔