اسلام آباد ، لاہور، پشاور، کراچی ،کوئٹہ ، نئی دہلی ، نیویارک (خبر نگار خصوصی ، جنرل رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خبرنگار ،سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا سے مزید 161 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3377مثبت کیس رپورٹ ہوئے ۔ملک میں تقریباً ایک ماہ بعد ایک روز میں 4 ہزار سے کم کیس سامنے آئے ۔ این سی او سی کے مطابق مصدقہ کیس 837523 جبکہ مجموعی اموت 18310 ہو گئیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں37587 ٹیسٹ کیے گئے ۔ پنجاب میں111 اموات جبکہ 1600 نئے کیس سامنے آئے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2470 مریض صحتیاب ہو گئے ۔ لاہور727، ننکانہ 7، قصور 36، شیخوپورہ 12، راولپنڈی 105، جہلم 2،اٹک 21،چکوال 4، مظفرگڑھ 14، حافظ آباد ، گوجرانوالہ 6،6 ،سیالکوٹ 19، نارووال 10، گجرات 9، منڈی بہاؤالدین1، ملتان 96، خانیوال 23، راجن پور 2، لیہ 3، ڈیرہ غازیخان 19،وہاڑی29 ، فیصل آباد 127، چنیوٹ 7، ٹوبہ6، جھنگ 8،رحیمیار خان 74 ،سرگودھا 71، میانوالی 6، خوشاب 4، بہاولنگر 9، بہاولپور 49، لودھراں 9، بھکر 12، ساہیوال 11، پاکپتن 3 اوراوکاڑہ میں 62 کیس سامنے آئے ۔لاہور میں مزید 37 مریض جاں بحق ہوگئے ۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 4677 بیڈ جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں906 بیڈخالی ہیں۔راولپنڈی،فیصل آباد،لیہ کے متعدد علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔ سندھ میں 9 مریض جاں بحق جبکہ1122 نئے کیس سامنے آئے ۔خیبر پختونخوا میں43مریض جاں بحق جبکہ 509افراد متاثر ہوئے ۔ تخت بھائی کے معروف معالج ڈاکٹر نو ر اسلام بھی جاں بحق ہو گئے ۔ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں ۔ لاہور میں 17 ریسٹورنٹس سیل جبکہ7 مینجرز کو حراست میں لیکر 3 ایف آئی آرز درج کرادیں۔ این سی اوسی نے 8تا16مئی کورونا ایس اوپیزپرعملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دینے کافیصلہ کیا ہے ۔وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا فوج کی تعیناتی و دیگر ٹھوس اقدامات کی بدولت ایس او پیز پر عملدرآمد میں نمایاں بہتری آئی ۔ قومی سطح پر ایس او پیز پر عملدرآمد کی شرح 25 اپریل کو 34 فیصد تھی جو3 مئی کو 68 فیصد ہو گئی ۔ حکومت نے 5 تا 20مئی زمینی راستوں سے افغانستان اور ایران سے پاکستان آنے پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ائیرپورٹس پر ریپڈ ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا۔ ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ رپورٹ 20 منٹ میں ملے گی۔ رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچ پرقرنطینہ کرنا ہوگا۔ادھر دنیا بھر میں متاثرین 15کروڑ 48لاکھ جبکہ ہلاکتیں 32لاکھ 35 ہزارکے قریب پہنچ گئیں۔بھارت میں مسلسل چودھویں روز3 لاکھ سے زیادہ کیس سامنے آئے ، مجموعی کیس 2 کروڑ سے تجاوز کر گئے ۔ گزشتہ روز362738 کیس جبکہ 3448ہلاکتبں رپورٹ ہوئیں۔ اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا ۔بھارت میں کورونا کی ایک اور نئی خطرناک قسم کا انکشاف ہوا ، جو پندرہ گنا زیادہ طاقتور ہے ۔اداکارہ دپیکا پڈوکون کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ۔ اداکارہ پیا واجپائی کا بھائی اور معروف رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فائنلسٹ نکی تمبولی کا بھائی جتن بھی چل بسا ۔ اداکار منجوت سنگھ کوکورونا میں مبتلا بھائی کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں بستر دلانے کیلئے ٹوئٹر پر اپیل کرنا پڑگئی۔ 8 شیروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر حیدر آباد دکن کا چڑیا گھر بند کردیا گیا۔سعودی عرب نے 80میٹرک ٹن مائع آکسیجن بھارت بھیج دی ۔ برطانیہ نے تین موبائل آکسیجن فیکٹریاں دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ روس کی بھیجی گئی طبی امداد بھی نئی دلی پہنچ گئی ۔ امارات نے بھارت سے آنے والوں پر پابندی میں توسیع کردی۔اُردن نے 9 ماہ بعد سعودی عرب اور شام کے ساتھ اپنی سرحد کھول دی۔سعودی عرب کے آٹھ علاقوں میں24نمازیوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد24 مساجد بند کر دی گئیں۔یونان میں 15مئی تک لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کردیا گیا۔سنگاپور میں کورونا کی بھارتی قسم کا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ سماجی تقریبات اور سرحدوں پر پابندیاں سخت کردی گئیں ۔ پولینڈ میں بھارت، برازیل اور جنوبی افریقہ سے آنے والوں کیلئے قرنطینہ لازمی قرار دیدیا گیا۔جنوبی افریقہ کے ہسپتال کے کورونا وارڈ میں آگ لگنے سے 2مریض ہلاک ہوگئے ۔