لاہور،اسلام آباد(خصوصی نمائندہ،جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ،وقائع نگارخصوصی، 92 نیوز رپورٹ)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت پوری قوم اور ادارے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لئے جنگی بنیادوں پر مشترکہ کوششیں کررہے ہیں۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تقریب سے خطاب کے دوران صدر نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کا بہت پرانا معترف ہوں، فون کے ذریعے دنیا میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کا نظام کامیابی سے کام کر رہا ہے ، اس کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے اور پاکستان میں بھی اس سے موجودہ صورتحال کے اندر اور اس کے بعد بھی بھرپور طریقے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔گزشتہ روز دورہ لاہور کے دوران صدر نے گور نر پنجاب چودھری سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور کورونا سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں ٹیلی میڈیسن سروس کے افتتاح اور سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں کورونا کرائسسز مینجمنٹ سنٹرکا بھی دورہ کیا ، گورنر پنجاب نے میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو میرے سٹار وائس چانسلر کہہ کر متعارف کرایا ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تحقیق کے شعبہ میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نجی شعبہ کے ساتھ اشتراک کو سراہا، گور نر ہاؤس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو انصاف ٹائیگر فورس اور کورونا ٹیلی میڈیسن سنٹرز کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔سول سیکرٹر یٹ میں اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت پوری قوم اور ادارے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لئے جنگی بنیادوں پر مشترکہ کوششیں کررہے ہیں، انہوں نے ضرورت مند اور مستحق خاندانوں کو راشن کی فوری فراہمی اور مالی مدد کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صدر مملکت کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے 13 جنوری 2020 کو محکمہ صحت کو 236 ملین روپے اور حال ہی میں 14 ملین روپے کی ایک اور گرانٹ جاری کی جبکہ پی ڈی ایم اے نے بھی مجموعی طور پر 2.3 بلین روپے جاری کیے ۔ بعدازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیااور شہید کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ علاوہ ازیں صدر اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے رات گئے واپس اسلام آباد پہنچ گئے ۔