اسلا م آباد ،لاہور،کہوٹہ ،کراچی،حیدرآباد،پشاور ، کوئٹہ ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92نیوز رپورٹ، بیورورپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید50افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد10511ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2482نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد495075ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد34049ہو گئی،2251مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ایک دن میں2122کورونامریض صحتیاب ہوئے جبکہ کل 450515صحتیاب ہو چکے ۔مسلم لیگ ن کی کورونا میں مبتلا رکن پنجاب اسمبلی منیرہ یامین ستی انتقال کر گئیں ،وہ دو ہفتے سے شدید علیل تھیں جس کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا تاہم وہ خالق حقیقی سے جاملیں۔منیرہ یامین ستی 2018 کے عام انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشست پر پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں تھیں۔ منیرہ یامین ستی کو پہلے راولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا،تاہم حالت خراب ہونے پر سی ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا مگر انکی صحت بہتر نہ ہو سکی ۔ منیرہ یامین سابق صوبائی وزیر کرنل محمد یامین ستی ( مرحوم ) کی صاحبزادی ،ڈپٹی کمشنر خالدیامین ستی اور سابق چیئرمین یونین کونسل نڑھ بلال یامین ستی کی ہمشیرہ تھیں، انکی نماز جنازہ کہوٹہ اور انکے آبائی گائوں نڑھ میں ادا کردی گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید19مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ777نئے کیس سامنے آگئے ، پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔لاہورمیں 444،راولپنڈی71، جھنگ9، چنیوٹ 12،اٹک2،بہاولپور13،ملتان 25،قصور2،ٹوبہ16،سیالکوٹ 7، فیصل آبادمیں 40کیسز رپورٹ ہوئے ۔حکومت پنجاب نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظربہاولنگرکے مزید 2علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ کر دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید17کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ1265نئے کیسزمیں سے 1002کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ادھرحیدرآباد میں کورونا سے مزید ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جبکہ51نئے کیس سامنے آگئے ۔خیبر پختونخوا میں مزید8مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ307نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔بلوچستان میں کورونا کے 14نئے کیس سامنے آگئے ۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں کے عملے کی ویکسینیشن ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا۔تربیت یافتہ ٹیم ہسپتالوں کے عملے کو ویکسینیشن کی ٹریننگ دیگی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں19لاکھ سے زائد ہو گئیں۔برطانیہ میں مزید1162 مریض ہلاک ہوگئے ۔برطانوی حکومت اس بارے میں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے کہ اگر ملکی دارالحکومت لندن پوری طرح کورونا وبا کی لپیٹ میں آ گیا تو اس صورتحال سے کیسے نمٹا جانا چاہئے ۔ جاپان کے وزیر اعظم یوشیہائیڈ سوگا نے دارالحکومت ٹوکیو اور قریبی علاقوں میں ایک ماہ کیلئے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا کیونکہ وہاں کورونا کے نئے ریکارڈکیسز سامنے آرہے ہیں ۔جرمنی میں کورونا سے متاثرہ مزید722مریض ہلاک ہو گئے ۔امریکہ میں مزید1288اموات ہوئیں۔متحدہ عرب امارات میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے ریکارڈ2988کیسوں کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 5مریض دم توڑ گئے ۔ برازیل نے چین کی تیار کردہ ایک اور کورونا ویکسین کو موثرقرادیدیا ۔برازیلی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرائلز میں یہ سامنے آیا ہے کہ چینی کمپنی سینوواک کیکورونا ویکسین کی افادیت کی شرح 78 فیصد ہے جس سے اسکی منظوری کے امکانات کو تقویت ملی ہے جبکہ یہ ترقی پذیرممالک کیلئے بھی اہم ہوگی۔