اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ)پاکستان سمیت دنیاکے 140ممالک کے سربراہان اورماہرین نے ہر ایک کیلئے کورونا کی مفت ویکسین فراہمی کی’’پیپلز ویکسین کال‘‘ پردستخط کردیئے ۔پاکستان کی طرف سے وزیراعظم عمران خان نے کوروناکی مفت ویکسین فراہمی کی کال پردستخط کردیئے ،وزیراعظم آفس نے یواین ایڈزکی ویکسین کال پرمشتمل اعلامیہ جاری کردیا،وزیراعظم عمران خان نے کہا کوروناسے بچائوکی ویکسین مفت فراہم کی جائے ،ہمیں انسانیت کی بہتری کیلئے اپنے علم،تجربے اوروسائل کوآپس میں شیئرکرناہوگا۔کال پرجنوبی افریقہ،گھانا،سینیگال کے صدورنے بھی دستخط کئے ۔اس حوالے سے ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کا سالانہ اجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔ویکسین کال کے خط میں کہا گیا کہ دنیا بھر کی حکومتوں اور عالمی پارٹنرز کو ایک گلوبل گارنٹی کیلئے اکٹھا ہوجانا چاہئے ،یہ گلوبل گارنٹی یہ ہو کہ جب بھی کورونا کی ویکسین بنے تواسے بڑے پیمانے پر تیار کرکے ہر ملک کے ہر شخص کو مفت فراہم کی جائے ۔خط پر سینیگال کے صدر میکی سال،گھانا کے صدر نانا اکوفو،سابق صدور اوروزرائے اعظم شوکت عزیز،جان پیٹر بالکینڈے ،جوز مینوئل بوروسو،گورڈن براؤن،ہیلن کلارک،فلپ گونزالیز،ایلن جونسن سرلیف،الیگزینڈر کواسنیوسکی،میری میکالیسی،جوآن مینوئل سانتوس کے بھی دستخط ہیں۔ لاہور،نیویارک (رپورٹنگ ٹیم،نمائندگان،نیوز ایجنسیاں، 92 نیوز رپورٹ) ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 33 اموات ہوئیں جس کے بعدکل اموات کی تعداد770 ہوگئی،کورونا کیسز کی تعداد 35ہزار 788 تک جاپہنچی ہے ،9 ہزار 695 افراد صحت یاب ہوچکے جبکہ کورونا کے 300 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1452 نئے کیس سامنے آئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 13 ہزار 51 ٹیسٹ کیے گئے ،کورونا کے مجموعی طور پر 3 لاکھ 30 ہزار 750 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 13 ہزار 561، سندھ 13 ہزار 341، خیبر پختونخوا 5 ہزار 252، بلوچستان 2 ہزار 239، اسلام آباد 822، گلگت بلتستان میں 482 جبکہ آزاد جموں کشمیر میں91 ہوگئی۔پنجاب میں کورونا وائرس کے 336 نئے کیس سامنے آئے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 178 نئے مریض ،ڈی جی خان میں 7، فیصل آباد 16، گوجرانوالہ 53، حافظ آباد 2، جہلم 16، خانیوال ایک ،خوشاب 24، منڈی بہاؤالدین 4، ننکانہ 1، ناروال 2، پاکپتن1، رحیم یار خان 2، ساہیوال 2 ،شیخوپورہ 9، سیالکوٹ 20 اور وہاڑی میں ایک نیا کیس سامنے آیا۔پنجاب میں کل 223 اموات ہوئیں جبکہ 4636 افراد صحت یاب ہو چکے ، اب تک 145,577 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلا شخص 79 سالہ طالب حسین نے دم توڑ دیا ،نشتر ہسپتال میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 52 جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 44ہو گئی۔چلڈرن ہسپتال لاہور کے ایک ڈاکٹر اور تین سٹاف ممبرز کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔ پی سی بھوربن،مری کے کورونا کا شکار ہونے والے تمام21ملازمین صحت یاب ہوگئے ، ٹیسٹ منفی آنے پر تمام ملازمین کو اپنے اپنے گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔کراچی پولیس کا ایک اور اہلکار کورونا وائرس سے لڑتے شہید ہو گیا،محکمہ سندھ پولیس کے کورونا وائرس سے شہید ہونے والوں افسران و اہلکاروں کی تعداد 5ہوگئی ،ہیڈ کانسٹیبل عبدالعزیز ایس آئی یوٹی میں زیر علاج تھے ۔ بارہ کہو میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص گوہر رحمان زندگی کی بازی ہار گیا۔ اقبال حسین شاہ سینئر پوسٹ ماسٹر سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ، جی پی او کی مسجد کو مکمل لاک ڈاؤن اور چاروں رہائشی کوراٹرز کے مکینوں کوقرنطینہ کر دیاگیا۔پنجاب کے 10اضلاع میں کورونا کا زیادہ خطرہ موجود ہے جہاں شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت نے 10 اضلاع لاہور، فیصل آباد، حافظ آباد، شیخوپورہ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، پاکپتن، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو زیادہ خطرناک قرار دیا ہے ۔ شہریوں کوگھروں سے نکلنے کی صورت میں ماسک اور گلوز استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔حیدرآباد میں کورونا کے مریض کو پلازمہ لگانے کا پہلا تجربہ کامیاب رہا، 12 روز بعد مریض کی رپورٹ منفی آگئی، ایم ایس سول ہسپتال کے مطابق مریض کو فی الحال صحت یاب قرار نہیں دیا جارہا، جلد ہی ایک اور ٹیسٹ کیا جائے گا جس کی رپورٹ آنے پر مریض کو ڈسچارج کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ساہیوال میں تفتان بارڈر سے آنے وال 130 افراد کو جناح کوارنٹائن سنٹر منتقل کر دیا گیا،ان افراد کے کورونا ٹیسٹ کیلئے سیمپل بھیجے جائیں گے ۔ادھر چین کی کمیونسٹ پارٹی کے پولٹ بیورو نے کہا ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی واپسی اور اس کے نئے مریضوں کے اضافے کو روکنا مشکل کام ہوسکتا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بیان چینی صدر شی جن پنگ کے زیرِ صدارت پولٹ بیورو کے اجلاس میں سامنے آیا۔چینی ہیلتھ کمیشن کے ترجمان نے کہا ملک میں کورونا کے بعض نئے کیسز سامنے آنے کے بعد شہریوں کا دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔امریکی دارالحکومت واشنگٹن کی میئر مریل بوزر نے لاک ڈاؤن میں 8 جون تک توسیع کر دی۔امریکی لیبر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کورونا وبا کے باعث امریکہ میں بیروزگاری کا طوفان جاری ہے اور پچھلے ہفتے تقریبا تیس لاکھ افرادنے بیروزگاری کلیم داخل کئے ۔اس طرح دو ماہ کے دوران یہ تعداد36ملین سے زائد ہوگئی ہے ۔فیڈرل ریزرو چیئرکے جیروم ایچ پاؤل کے مطابق گھریلو سازوسامان تیار کرنے والے چالیس فیصد ملازمین فروری میں بیروزگار ہوئے ۔نیویارک میں لاطینی چرچ سے تعلق رکھنے والے پادری نے انکشاف کیا کہ کورونا وائرس کے باعث نیویارک میں مقیم لاطینی بڑی تعداد میں ہلاک ہوئے ۔آرمینیا میں کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ ایمرجنسی میں 13 جون تک توسیع کر دی گئی ۔جاپان نے دو بڑے شہروں ٹوکیو اور اوساکا کے علاوہ ملک بھر میں ایمرجنسی اٹھا لی۔برطانوی رپورٹ کے مطابق کورونا کے باعث عالمی سطح پر انشورنس کی صنعت کو 203ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑیگا۔ یورپ میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے ساتھ ہی معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ۔لندن میں انڈرگراؤنڈ ٹرین سروس اور ٹرانسپورٹ کوجزوی بحال کر دیا گیا لیکن سفر کے لئے 2 میٹر کا سماجی فاصلہ رکھنا ضروری ہوگا ۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ان لوگوں کو جو گھر سے کام پر نہیں کر سکتے کو کام کی اجازت دے دی ، ذاتی ٹرانسپورٹ نہ رکھنے والے اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔بیلجئیم میں سکول اور دیگر تعلیمی ادارے کھونے کا اعلان کردیا گیالیکن سماجی فاصلے کا خیال لازمی رکھنا ہوگا جبکہ مارکیٹیں،عجائب گھر اور چڑیا گھر کھول دئیے گئے ۔فرانس میں بھی ساحل پر لوگوں کو سیرکرنے کی اجازت دے دی گئی۔ لوگ آن لائن ٹکٹ حاصل کر سکیں گے اور جگہ ہجوم کی صورت اختیار نہیں کر سکتے ۔کیفے ،ریسٹورنٹ، باربر شاپس اور بیوٹی سیلون وغیرہ دو ہفتوں تک کھول دیے جائیں گے ۔ سپورٹس کلب میں ایک کوچ ہوگا جو صرف 20 لوگوں کو ٹریننگ دے سکتا ہے ، جون سے قبل کوئی بھی سپورٹس یا کلچرل ایونٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔