اسلام آباد ،لاہور ،کراچی ، کوئٹہ ،واشنگٹن ( خبر نگار خصوصی، وقائع نگار،کامرس رپورٹر ،سٹاف رپورٹر ،نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا کے مزید 17مریض چل بسے جبکہ782 نئے کیس سامنے آ گئے ۔این سی اوسی کے مطابق ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 282645 ہو گئی جبکہ ہلاکتیں6052 ہو گئیں ۔ 258099 مریض صحتیاب ہو چکے ۔ ایکٹوکیس 18494 رہ گئے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20461 ٹیسٹ کیے گئے ۔ ابتک 2079333 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔اسوقت 1294 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں ۔826مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔163 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔سندھ 122759 ، پنجاب94040،کے پی کے 34432 ، بلوچستان 11821، اسلام آباد 15182، آزاد کشمیر2124جبکہ گلگت بلتستان میں2287 متاثرین ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے 192نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 2مریض جاں بحق ہوگئے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکے مطابق لاہور 69،راولپنڈی38، گجرات18،گوجرانوالہ 8، ملتان،فیصل آباد 6،6، بہاولپور5،منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ،ساہیوال4،4،سیالکوٹ،جہلم، پاکپتن 3،3،شیخوپورہ، وہاڑی، ڈیرہ غازیخان، سرگودھا،چکوال،ٹوبہ، حافظ آباد 2،2 ، نارووال،خانیوال ،جھنگ ،میانوالی ،اٹک ،مظفرگڑھ ،راجن پور،رحیم یار خان میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔ ابتک761581ٹیسٹ کیے جا چکے ۔کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد86086 ہو گئی ۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 487 نئے کیس سامنے آئے ،221کا تعلق کراچی سے ہے ۔ 9مریض انتقال کر گئے جبکہ مزید447مریض صحتیاب ہو گئے ۔بلوچستان میں 24گھنٹے کے دوران کورونا کے صرف 14 مریض سامنے آئے جبکہ 37مریض صحتیاب ہوگئے ۔ وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ ایند آپریشن سنٹرکے مارننگ سیشن میں مختلف شعبوں کے افتتاحی مراحل اور یوم آزادی اور محرم الحرام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اسد عمر نے کہا صحت کے رہنما خطوط اور حفاظتی تدابیر کیساتھ مختلف شعبوں کو کھولنا ہوگا۔ اگر صحت کے رہنما خطوط پر عمل نہیں کیا جاتا تو ہمیشہ خطرہ رہے گا کہ یہ بیماری پھر پھیل سکتی ہے ۔ پاکستان کے عوام بہت ذمہ دار ہیں اور انہوں نے صحت کے مختلف رہنما خطوط پر عملدرآمد کیساتھ ساتھ بہت صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا ۔ اگر اسی جذبے کیساتھ محرم کے جلوسوں پر بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے تو اس سے وبا کا پھیلائو روکا جا سکے گا۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ محرم کے دوران موثر اقدامات کے ذریعے عوام کی حفاظت یقینی بنائیں۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین ایک کروڑ 94لاکھ جبکہ ہلاکتیں 7لاکھ 20 ہزارسے متجاوز ہو گئیں۔ امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار سے بڑھ گئی۔بھارت میں 61ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آگئے ۔ میکسیکو میں ہلاکتیں دنیا میں تیسرے نمبر پر ہیں جو 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔بھارت میں اموات 42ہزار سے تجاوز کر گئیں۔روس میں کورونا کیسز کی تعداد پونے 9 لاکھ سے بڑھ گئی۔