اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور،لندن ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید67افراد جاں بحق ہو گئے ،چار ماہ سے زائد عرصہ کے دوران ایک دن میں جاں بحق ہونیوالے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے اور اموات کی مجموعی تعداد8091ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2458نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد400482ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد49105ہو گئی،2165مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 343268صحتیاب ہو چکے ۔ ملک بھرمیں مثبت کیسزکی شرح 6 فیصد ہے ۔ میرپورآزاد کشمیرمیں سب سے زیادہ جبکہ پشاوراورحیدرآباد کورونا مثبت شرح کے لحاظ سے دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ عالمی ادارہ صحت اور دیگر رائج رہنما اصولوں کے مطابق کورونا کی آ سان طر یقے سے نشاندہی کرنے کیلئے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ کے آ غاز کیلئے قومی پالیسی تشکیل دیدی گئی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ نے این سی او سی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیارات کے مطابق اینٹیجین ٹیسٹنگ کیلئے یکساں حکمت عملی کیلئے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ۔ ابتدا میں مخصوص کیٹیگریز کیلئے اینٹیجین ٹیسٹنگ سرکاری شعبہ کی تمام مجازلیبارٹریاں کر سکیں گے جس کی تمام صوبائی حکومتوں نے اجازت دی ہے ۔صوبائی حکام کی ہدایات پر نجی شعبہ کی لیبارٹریاں ٹیسٹنگ کرینگی۔دریں اثنا ایم کیوایم کے سینیٹرمیاں عتیق شیخ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اور خودکوقرنطینہ کرلیا۔برطانوی دارالحکومت لندن میں قائم پاکستان ہائی کمیشن کے 10 سے زائد افسر اور اہلکار کورونا کا شکار ہو گئے اور قرنطینہ کر دیئے گئے ۔بڑی تعداد میں کورونا پازیٹو کیسز آنے پر ہائی کمیشن لندن کو مختصر عرصے کیلئے بند کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے ۔ذرائع کے مطابق برطانوی ہیلتھ اتھارٹیز نے ہائی کمیشن کو تمام سٹاف کے ٹیسٹ کا مشورہ دیا ۔ ہائی کمیشن کے پریس سیکرٹری منیر احمد نے کہا کہ عملے کی تعداد میں کمی کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں،متاثرین کیساتھ کام کرنیوالے افراد کو بھی چھٹی پر بھیج دیا گیا ۔ پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ بھی بند کر دیا گیا ہے ۔ ہائی کمیشن کے دو کے سوا باقی ڈرائیورز بھی سیلف آئیسولیشن میں چلے گئے ہیں۔عملے کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اب صرف قونصلر سیکشن میں کم از کم عملے کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اسلام آباد کے ہوٹلوں میں ان ڈور کھانے پر پابندی عائد کردی گئی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو اوپن ایریاز میں کھانوں اور ٹیک اوے سروس کی اجازت ہو گی جبکہ ان پر کاروباری اوقات کار کے احکامات کا اطلاق نہیں ہوگا۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید45مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی تعداد3036ہوگئی جبکہ543نئے کیس سامنے آگئے ۔سی ایم ایچ سیالکوٹ میں زیر علاج حساس ادارے کا 53 سالہ سب انسپکٹر بلال یوسف جاں بحق ہوگیا ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 27 مریض انتقال کرگئے جبکہ 1292 نئے کیسزمیں سے 989 کا تعلق کراچی سے ہے ۔پشاورمیں کورونا وبا میں اضافہ پر مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا ۔خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں مزید 33افراد میں کورونا کی تشخیص ہوگئی ،ان میں حیات آباد نرسنگ سکول کی 5طالبات بھی شامل ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹ میں کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ بھاری دل کیساتھ کیا ، طلبہ یہ وقت چھٹیوں میں مت گزاریں اور نصاب کو دوبارہ پڑھیں، ہوم ورک کریں، پڑھائی زیادہ سے زیادہ کریں۔دنیا بھر میں ہلاکتیں14لاکھ 80ہزارسے زائدہوگئیں۔ کروشیا کے وزیراعظم آندریج پلینکوویک کا ایک بار پھر کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، وہ دس دن کیلئے قرنطینہ میں چلے گئے اور اس دوران بھی اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیتے رہیں گے ۔عالمی ادارہ صحت نے دنیا کے تمام ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاط کرنے کا مشورہ دیدیا ۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ ستمبر کے بعد گزشتہ ہفتے پہلی بار دنیا بھر میں کورونا کیسز میں کمی دیکھی گئی۔ بہت سے ملکوں میں چھٹیوں کا موسم قریب آرہا ہے ، لوگ تہواروں کے موقع پر قریب رہنا چاہتے ہیں لیکن یہ وقت ایسا نہیں ۔کورونا وائرس نے تہواروں کو منانے کا انداز بدل دیا،مکمل احتیاط کرنا ہوگی ۔اقوام متحدہ کی ایک سالانہ رپورٹ کے مطابق کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں اگلے برس انسانی بنیادوں پر ساڑھے 23کروڑ بچوں، عورتوں اور مردوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہو گی،یہ تعداد ایک سال پہلے کے مقابلے میں40 فیصد زیادہ ہے ۔ اقوام متحدہ کے ہنگامی انسانی بنیادوں پر امداد کے کوآرڈینیٹر مارک لوکوک نے جنیوا میں یہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کورونا کے باعث کروڑوں انسان شدید نوعیت کے مسائل کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان حالات میں عالمی سطح پر ایڈز، تپ دق اور ملیریا کے باعث انسانی ہلاکتوں کی تعداد دوگنا ہو نے کا خدشہ ہے ۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا کہ حالیہ ہفتوں میں کورونا کیسز اور اموات میں اضافے ہوا، وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے ترکی بھر میں ہفتے اور اتوار کو2روز مکمل لاک ڈائون کیا جائیگا۔ جمعہ کی رات 9 بجے سے پیر کی صبح 5 بجے تک گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ترکی نے کورونا کی5 کروڑ ویکسین بھی خریدی ہیں جو رواں ماہ سے شہریوں کو فراہم کی جائینگی۔ادھرجرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک اور امریکی پارٹنر فائزر کمپنی نے یورپی میڈیسن ایجنسی کو کورونا ویکسین کے استعمال کی مشروط منظوری کی درخواست دیدی ہے ۔