مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کے سیاسی حریف بینی گانٹز نے اعلان کیا ہے کہ ان کے درمیان ہنگامی قومی حکومت کی تشکیل کیلئے مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے ،ایک سال میں 3بار پارلیمانی انتخابات ہونے کے باوجود کوئی جماعت اکثریت حا صل نہیں کرسکی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان دونوں لیڈروں کی جماعتوں لیکوڈ پارٹی اور بلیو اور وائٹ نے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ دونوں رہنمائوں نے کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے اور ریاست کو درپیش اضافی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے قومی ایمرجنسی حکومت کی تشکیل کی غرض سے رات بھر بات چیت کی ہے ،اس ملاقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے ۔اس بیان کے مطابق دونوں لیڈروں کے درمیان ایک اور ملاقات ہونے والی تھی،اس میں حکومت کی تشکیل کیلئے سمجھوتے کو حتمی شکل دی جانی تھی۔دونوں سیاسی حریف اسرائیل میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد اب قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل پر مجبور ہوگئے۔