اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،نیویارک (رپورٹنگ ٹیم)پاکستان میں مہلک وبا کورونا سے مزید8افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی کل تعداد6474ہو گئی جبکہ پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 19 ویں نمبر پر آ گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں672نئے مریض رپورٹ ہوئے اور مریضوں کی کل تعداد311516 جبکہ ایکٹوکیسز کی 8702ہو گئی،419مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور296340صحتیاب ہو چکے ہیں۔ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں آج سے پرائمری سکولز بھی کھولنے کا فیصلہ کرلیاہے ۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل کیساتھ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ والدین کو یقین دلاتے ہیں جو سکول ایس اوپیزپرعمل نہیں کرینگے ان کو بند کرد ینگے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید3 اموات ہوئیں اور73نئے کیس سامنے آئے ۔ تعلیمی اداروں میں ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 145طلبہ میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ۔ حکومت نے سکولوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سنٹرل پورٹل قائم کردیا جوروزانہ رپورٹ کریگا۔ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی ہدایت پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ، چنیوٹ اور منڈی بہائوالدین جبکہ ننکانہ صاحب، ڈیرہ غازیخان اور بہاولپور کے ڈی ای او (ایس او) کومعطل کر دیا گیا۔ ڈی جی خان، ملتان اور ننکانہ کے ڈی ای اوز (ایس ای) کو سخت وارننگ دی گئی ۔دنیا میں کورونا سے 1009626اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد 33739693ہوگئی۔ بھارت میں 76205نئے کیس سامنے آئے ، نائب صدرایم وینکیا نائیڈو بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ، مزید 1099چل بسے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ہلاکتوں کی اتنی بڑی تعداد کو ہوش اڑا دینے والاقرار دیا اور اپنے بیان میں کہا کہ سفاک وبا کی بربریت نے دکھوں کو کئی گنا بڑھا دیا ۔عالمی ادارہ صحت نے کم آمدن والے ممالک کیلئے نئے ٹیسٹ سے آگاہ کیا ہے جس سے 15 سے 30 منٹ میں کوروناکی تشخیص ہوسکتی ، اسکی قیمت صرف پانچ ڈالر(تقریباً 835روپے ) ہے ۔ پاناما نے ویکسین پروگرام کیلئے عالمی ادارہ صحت کو 1.9 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے ۔