لاہور(سلیمان چودھری )پاکستان میں 61سے 70سال کی عمر کے افرادسب سے زیادہ کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں، چاروں صوبوں سے اس عمر کے 1883افراد لقمہ اجل بنے ۔ ملک میں 71فیصد ہلاکتیں مرد مریضوں کی اور 29فیصدخواتین کی رپورٹ ہوئی ہیں ۔مرنیوالے 71فیصد افراد کو دیگر بیماریاں بھی لاحق تھیں جبکہ 29فیصد مریض صرف کورونا سے ہی وفات پاگئے ۔ پنجاب میں ادھیڑ عمر کے سب سے زیادہ 30ہزار143افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور 61سے 70سال عمر کے 742افراد جان کی بازی ہار گئے ۔دستاویز کے مطابق پاکستان میں 51سے 60سال کے 1864افراد جان سے گئے ،41سے 50سال کے عمر کے 941مریض ہلاک ہوئے ، 71سے 80سال تک کے 1050مریض ہلاک ہوئے ، 31سے 40سال تک کی عمر کے 396افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ لاہورمیں 81سال سے زائد عمر کے 357، 21سے 30سال تک کی عمر کے 181 10سے 20سال تک کی عمر کے 57اور ایک سے 10سال تک 16بچے ہلاک ہوئے ۔ کراچی میں سب سے زیادہ 2284، لاہور میں 933، راولپنڈی میں 377، پشاور میں 369، فیصل آباد 205، ملتان میں 146، سوات سے 95اور کوئٹہ سے 96افراد ہلاکت رپورٹ ہوئی ۔پنجاب میں ادھیڑ عمر کے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے اور 30 ہزار 143 افراد کا وائرس کا شکار ہوئے ۔ دوسرے نمبر پر نوجوان سب سے زیادہ پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن کی تعداد 28ہزار 25 بنتی ہے ، اسی طرح 46سے 60سال تک کی عمر کے 20ہزار639 کیسز رپورٹ ہوئے 61سے 75سال تک کی عمر کے 10 ہزار 168کیسز اور 15سال تک کی عمر کے 4709بچے بھی متاثر ہوئے ۔ 75سال اور اس سے زائد عمر کے 1815افراد اس وائرس کا شکار ہوئے ۔ پنجاب میں سب سے زیادہ مرد کورونا وائرس کی شکار ہوئے جن کی تعداد66ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی، اسی طرح خواتین کی تعداد 31ہزار رپورٹ ہوئی ۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے متاثرہ77ہزار915 مریضوں سے رابطہ میں رہنے والے افراد کی کینٹکٹ ٹریسنگ کے تحت 5لاکھ 30ہزار526افراد کی تلاش کی گئی ، ٹیسٹ کئے گئے تو ان میں سے 13ہزار762افراد کورونا کا شکار نکلے ۔پنجاب میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف میں سے 4ہزار756کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 1100افراد کورونا وائرس کا شکارہوئے ۔