اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) کورونا وائرس کے مقابلہ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی)نے پاکستان کیلئے مزید دوملین ڈالرکی گرانٹ کی منظوری دیدی۔ بنک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کیلئے یہ ابتدائی معاونت ہے اوریہ سلسلہ جاری رہے گا۔بنک کے کنٹری ڈائریکٹرژیاوہانگ ینگ نے کہاکورونا وائرس کی وباکی وجہ سے پاکستان پرجو بوجھ پڑا، ہمیں اس کااحساس ہے ، بنک کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا،بنک نے ابتدائی طورپررکن ممالک کیلئے 6.5 ارب ڈالرکی معاونت کااعلان کیا جو ایشیابحرالکاہل ڈیزاسٹررسپانس فنڈ سے دی جائیگی اوراس سے طبی ہنگامی سامان وآلات، طبی عملہ کیلئے ذاتی حفاظت کے آلات، تشخیصی لیبارٹریز اوران میں استعمال ہونے والا سامان اوردیگرآلات کی خریداری کی جائیگی۔