لاہور،اسلام آباد، پشاور،کراچی، کوئٹہ، نئی دہلی ، نیویارک (جنرل رپورٹر،نامہ نگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے رپورٹر سے ،کر ائم ر پو رٹر،خبر نگار خصوصی، خبر نگار ، سٹاف رپورٹر ،92نیوز رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)ملک بھر میں کوروناکے مزید 119 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 4113 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ مریض 841636 جبکہ مجموعی اموات 18429 ہوگئیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37587 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ، مثبت کیسز کی شرح 9.17 فیصد ہے ۔سندھ میں 4 مریض انتقال کرگئے جبکہ 1038 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور331 مریض صحتیاب ہوئے ۔جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 5مسافروں کوٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ مرکز منتقل کر دیا گیا ۔موہنجو دڑو سمیت صوبے کے تمام سیاحتی مقامات 8 سے 15 مئی تک بند رہیں گے ۔ خیبر پختونخوا میں 31اموات جبکہ 629کیس رپورٹ ہوئے ۔ بلوچستان میں ایک مریض دم توڑ گیاجبکہ 124 نئے کیس سامنے آگئے ۔پنجاب میں مزید 58 ہلاکتیں اور 2087 نئے کیس جبکہ لاہور میں مزید 19 مریض جاں بحق ہوئے اور907مزید متاثر ہوگئے ۔جنوبی افریقہ کی کورونا وائرس کی قسم پنجاب پہنچ گئی،نجی لیب نے دو نمونوں میں جنوبی افریقین سٹرین کی موجودگی کی تصدیق کر دی ۔ سرگودھا اور ملتان کے متعددعلاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔این سی او سی کے 4 مئی کے فیصلوں کے تناظر میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومت نے 8 سے 16 مئی مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پنجاب میں 8 مئی سے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا ۔ ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے ۔ شہروں کے داخلی ، خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے جائیں گے ۔ لاہور میں فلیگ مارچ کیا گیا جس میں آرمی،رینجرز اور پولیس کے دستوں نے حصہ لیا۔ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر متعدد بیکریاں ، ہوٹل اور دکانوں کو سیل کیا گیا ۔ مصری شاہ سکریپ مارکیٹ کو بند کرا دیا گیا۔25گاڑیاں بند جبکہ 67گاڑیوں کو بھاری جرمانے کئے گئے ۔ملک بھر کے ایئرپورٹس پر 80 فیصد پروازیں منسوخی کااطلاق کردیا گیا۔لاہورایئر پورٹ سے ملکی اوربین الاقوامی 28پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ 20 مئی تک صرف 20 فیصد پروازیں ہی چلائی جائیں گی۔ وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا کہ حکومت کی خصوصی کاوشوں اور اقدامات کے نتیجے میں سنگل ڈوز کین سائینو ویکسین کی ایک لاکھ 20ہزار خوراکیں پاکستان پہنچیں۔ ملک میں پہنچنے والی کین سائینو ویکسین کی پیکنگ اور فارمولیشن این آئی ایچ کے ذریعے پاکستان میں ہی ہو گی۔وفاقی وزیراسد عمر نے کہا ہے ملک میں پہلی بارچار مئی کو 2 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاابتک رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ گئی ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں ساڑھے 32لاکھ جبکہ متاثرین 15.56کروڑ سے بڑھ گئے ۔ ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ میں موجود کم از کم 17 کوہ پیماؤوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ۔بھارت میں مزید406628کیس جبکہ 3841 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ آئی پی ایل ملتوی ہونے کے بعد بھارت میں پھنسے آسٹریلوی کرکٹرز کو آئندہ دو روز میں واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔برطانیہ میں جی سیون اجلاس میں شرکت کیلئے گئے بھارتی وفدکے دوارکان کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔مودی انتظامیہ کے پرنسپل سائنسی مشیر وجے راگھاون نے کہا ہے بھارت کو کورونا کی مزید لہروں کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ایران میں بھی کورونا کی بھارتی قسم کے 3 کیس سامنے آگئے ۔فلپائن نے پاکستان،بنگلہ دیش،سری لنکااورنیپال سے آنے والوں پر 7 تا14 مئی پابندی لگادی۔ سعودی فضائی کمپنیوں نے 38ممالک کیلئے سفری ہدایات جاری کردیں۔کوالالمپور میں 7 سے 20 مئی تک جزوی لاک ڈاؤن ہوگا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے چار جولائی، امریکہ کے یوم آزادی تک امریکہ کی نصف آبادی کو ویکسین فراہم کر دی جائے گی۔کینیڈا میں بچوں کو ویکسین دینے کی منظوری دیدی گئی۔انڈونیشیا کی سرکاری دوا ساز کمپنی کی جانب سے نیزل سواب ٹیسٹ کٹس کو دوبارہ دھو کر استعمال کرنے کاانکشاف ہوا ہے ۔فراڈ میں ملوث5 ملازمین گرفتار کرلئے گئے ۔