لاہور، اسلام آباد، کراچی ، واشنگٹن (نمائندہ خصوصی سے ، کامرس رپورٹر ،وقائع نگار ، نامہ نگار،سٹاف رپورٹر ،نمائندگان ،92 نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا کے مزید 55مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ 3262نئے کیس سامنے آگئے ۔ این سی اوسی کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 44627 ٹیسٹ کئے گئے ، فعال کیس51507 ہو گئے ۔مزید 3354مریض صحتیاب ہوگئے ،2469مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، 301 مریض وینٹی لیٹرزپر ہیں ۔ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.16 فیصد ہو گئی، کراچی پہلے نمبر پرہے جہاں شرح 20.12 فیصد ہے ۔ نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک انتقال کر گئے ۔ ارشد ملک شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں زیر علاج تھے اور ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے ۔ تدفین آج آبائی گاؤں مندرہ میں ہوگی۔ چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور چیئرمین قائمہ کمیٹی قانون وانصاف ریاض فتیانہ کاکورونا ٹیسٹ منفی آ گیا۔ تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ سندھ اسمبلی کے 54 سے زائد ارکان کورونا کا شکار ہوچکے جبکہ 2 انتقال بھی کرچکے ۔سندھ پولیس کے ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ بھی متاثر ہو گئے ، انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ۔سی ٹی ڈی کراچی کے 40سے زائد افسران و اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں مزید8 مریض انتقال کرگئے جبکہ 1664نئے کیس رپورٹ ہوئے اور 972 افراد صحتیاب ہوئے ۔ پنجاب میں لاہورکے 301سمیت670 نئے کیس سامنے آگئے جبکہ مزید 24 مریض چل بسے ۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال شرقپور شریف کی سینئر ڈاکٹر صائمہ ظہیر اور ڈاکٹر عمر منظور کا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر حافظ فاروق گل بیٹنی بھی کورونا کا شکار ہو گئے ۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے حکومتی لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی ۔ شہریوں کی قوتِ مدافعت مزید بہتر بنانے کیلئے قائم سپیشل ورکنگ گروپ کی سفارشات کی بھی منظوری دی گئی۔شرکا نے حکومت کی کامیاب حکمت عملی کو سراہا ۔ملک میں کورونا ویکسین کیلئے رضاکاروں کی تعداد10 ہزار سے بڑھا کر 18ہزار کرنے کیساتھ ٹرائل بھی تیز کر دئیے گئے ۔ ٹرائل رواں ماہ مکمل کر لیے جائیں گے تاکہ ویکسین کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جا سکے ۔ ابتک 9 ہزار رضاکاروں کو ویکسین لگائی جاچکی۔لاہور میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں کورونا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورایکسپو سنٹر میں سیریس مریضوں کیلئے 300ہائی ڈیپنڈنسی بیڈز آپریشنل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ کوچیئرمین کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ ڈاکٹر اسد اسلم نے بتایاگزشتہ ایک ہفتے کے دوران لاہور میں مثبت کیسز کی شرح تین سے بڑھ کر10فیصد ہوگئی ۔ ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین 6.59کروڑجبکہ اموات 15.19لاکھ سے بڑھ گئیں۔دنیا بھر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہر 9 سیکنڈ میں ایک ہلاکت ہوئی جبکہ یومیہ ہلاکتوں کی تعداد10 ہزار سے تجاوز کرگئی ۔امریکہ میں ریکارڈ2907اموات جبکہ 210000 سے زائد متاثرین رپورٹ ہوئے ۔بھارت میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار ورون دھون اور نیتو کپور سمیت ٹیم کے تین ارکان کورونا کا شکار ہوگئے جبکہ انیل کپور اور کیارہ اڈوانی میں بھی کورونا کی تشخیص کی چہ مگوئیاں ہیں۔بلجیم نے 5 جنوری سے شہریوں کو ویکسین لگانے جبکہ فرانسیسی وزیر اعظم نے عوام کو ویکسین مفت دینے کا اعلان کردیا ۔برطانیہ ویکسین کے مضر اثرات پر ہرجانہ ادا کرے گا۔امریکی کمپنی فائزر نے ویکسین کی فراہمی میں نصف سطح تک کمی کر دی ۔رپورٹ کے مطابق فائزر سال کے آخر تک 10 کروڑ کے بجائے تقریبا5کروڑ ویکسین فراہمی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔اسرائیل نے امریکی کمپنی موڈرنا سے ویکسین کی 6 ملین خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کر لیا ۔ ترکی نے چین کو ویکسین کی 5 کروڑ ڈوز کا آرڈر دیدیا ۔ اقوام متحدہ نے ویکسین کی منصفانہ تقسیم کیلئے کوویکس نامی ادارہ تشکیل دیا ہے جبکہ جنرل سیکرٹری یو این نے دنیا سے پیداوار کا 10فیصد تک امدادی فنڈ میں جمع کرانے کی اپیل کی ہے جس سے متاثرہ ممالک اور قرض میں ڈوبے ممالک کی مدد کی جا سکے گی۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ ویکسین کا مطلب کورونا کا مکمل خاتمہ نہیں ۔ڈائریکٹر جنرل ٹیڈراس ادہانوم نے کہا عالمی ادارہ صحت کو خدشہ ہے ویکسینز کے حوالے سے پیشرفت کے باعث ایک خیال یہ بھی ہے جیسے عالمی وبا کا خاتمہ ہو گیا ہے ۔