اسلام آباد (وقائع نگار،سپیشل رپورٹر،نیوز رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کردی جس سے گاؤں فتح پور میں 18 سالہ لڑکی شہید اور خواتین و بچیوں سمیت 6 افراد زخمی دوسری طرف پاک افغان بارڈرپردیرکے علاقے بن شاہی میں سرحدپارسے فائرنگ ے نتیجے میں ایف سی اہلکار شہید جبکہ2اہلکار زخمی ہوگئے ۔آ ئی ایس پی آرکے مطابق پاک افغان سرحد پارسے فائرنگ سے ایف سی کاایک جوان شہیداور2زخمی ہوگئے ، پاک افغان سرحد پارسے شہری آبادی اورفوجی چوکیوں پربھاری ہتھیاروں اورمارٹرزکااستعمال کیا گیا۔۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے گاؤں فتح پور میں 18 سال کی لڑکی شہید ہوگئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے 2 خواتین اور 2 بچیوں سمیت 6 شہری زخمی ہوئے ۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس سال اب تک جنگ بندی معاہدے کی 1877 خلاف ورزیاں ہوچکی ہیں، رواں سال بھارتی فائرنگ سے 6 خواتین اور 5 بچیوں سمیت 15 شہری شہید ہوئے ۔ بھارتی فائرنگ سے اب تک 46 خواتین اور 37 بچوں سمیت 144 شہری زخمی ہو چکے ہیں۔پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدیداحتجاج کیا۔ڈی جی سائوتھ ایشیا زاہد حفیظ نے احتجاجی مراسلہ تھمایا۔ وزارت خارجہ نے 5 اگست کے سرحد پار افغانستان سے اشتعال انگیزی کی تفصیلات جاری کر دیں۔ ترجمان کے مطابق افغان سرزمین سے دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں، مارٹرز سے حملہ کیا، افغان سرحدی پولیس نے بھی شام کو پاک آرمی کی چوکیوں پر فائرنگ شروع کر دی، افغان فورسز کو سرحدی فلیگ میٹنگ کی درخواست کی گئی، ترجمان نے کہا کہ افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، دہشتگردوں کی واضح حمایت کی شدید مذمت کرتے ہیں،یہ دونوں ممالک کے مابین ربط و تعاون کے موجودہ طریقہ کار کے لئے نقصان دہ ہے ، ترجمان نے انتباہ کیا کہ پاکستان سرحد پار سے دہشتگرد حملوں کا بھرپور جواب دے گا۔