لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) صوبائی وزیراقلیتی امور و انسانی حقوق اعجازعالم آگسٹین کی زیر صدارت اقلیتوں کو با اختیار بنانے کے حوالے سے مینارٹی ایمپاور منٹ پیکج کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے انسانی حقوق کے کمیٹی رو م میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ سیکرٹری انسانی حقوق طارق محمود نے صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا کہ پیکیج حتمی مر احل میں داخل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ بہت جلد اس پر کام مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پیکج کے ذریعے اقلیتوں میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنانے میں مدد مل سکے گی کیونکہ پیکج میں اقلیتوں کے لئے ملازمتو ں میں کوٹہ پر عملدرآمد، ہر بڑے تعلیمی ادارے میں نوجوانوں کے لئے داخلہ، قیدیوں کی سزاؤں میں کمی اور معافی،نوجوان کو ہنر مند بنانے کے لئے مختلف کورسز کا اجرائ، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں اقلیتی کوٹہ اور اقلیتوں کے سکول میں دینی تعلیم کے حوالے سے نمایاں اقدامات شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے پیکج پر کام کو تیزی سے مکمل کر انے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو با اختیار بنانے کے پیکیج پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تعمیر کے لئے بھی پالیسی تیار کرنے کی خواہاں ہے اور حکومت پنجاب نے عیسائی برادری کے لئے 30 ملین روپے کی گرانٹ مختص کی ہے ۔اجلاس میں محکمہ انسانی حقوق کے تمام متعلقہ عہدیدار ان نے شرکت کی۔