کوئٹہ(صباح نیوز، آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ سے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل اغوا کئے گئے نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل اپنے گھر پہنچ گئے ۔ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نے ان کے گھر پہنچنے کی تصدیق کر دی۔ انہیں 13 دسمبر کو کلینک سے گھر جاتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا۔ڈاکٹر ابراہیم نے ڈاکٹرز برادری کا شکریہ اداتے کیا اور بتایا کہ اغواکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا، وہ کمزوری محسوس کر رہے ہیں اس لئے زیادہ بات نہیں کر سکتے ۔سول ہسپتال کوئٹہ میں چیئرمین ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی ڈاکٹر ظاہر مندوخیل نے پریس کانفرنس میں کہا اغوا کاروں نے ڈاکٹر ابراہیم کو رہا کرنے کیلئے 5 کروڑ تاوان لیا اور انہیں گزشتہ روز کراچی کے ایک مقام پر چھوڑ گئے ، حکومت ڈاکٹر ابراہیم کی بازیابی کو ممکن نہ بناسکی، اگر یہی ظلم و جبر ہوتا رہا تو ڈاکٹرز بلوچستان میں خدمات سرانجام دینا چھوڑ دیں گے ، حکومت ڈاکٹروں کی سکیورٹی کیلئے انتظامات کرے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ کوئی تاوان ادا نہیں کیا گیا، ڈاکٹر ابراہیم کی بازیابی خوش آئند ہے ، تاوان کی ادائیگی کا تاثر درست نہیں ، ڈاکٹر ابراہیم کی بحفاظت بازیابی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے تھے ۔