لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس 29 جولائی کو ہوگا ،ایم ڈی وسیم خان اور مصباح الحق لاہور میں ہوں گے جبکہ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم کینیڈا سے سکائپ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کریں گے ۔اجلاس میں ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان بھی شریک ہوں گے ، محسن خان کے استعفے اور وسیم خان کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری کے بعد یہ کرکٹ کمیٹی کا پہلا لیکن انتہائی حساس نوعیت کا اجلاس ہے جس میں کون رہے گا اور کون جائیگا۔اجلاس میں مکی آرتھر، انضمام الحق اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے مستقبل کا فیصلہ ان کی کارکردگی دیکھ کر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کا کیس پی سی بی کرکٹ کمیٹی کو حل کرنا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور بولنگ کوچ اظہر محمود کے معاہدوں میں توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے جس کا مطلب یہ ہوگا کہ تینوں کو گھر رخصت ہونا پڑے گا۔پی سی بی نئی سلیکشن کمیٹی، نئے بیٹنگ اور بولنگ کوچ کا تقرر کرے گی، منیجر طلعت علی کو بھی فارغ کردیا جائے گا، ان کے عہدے کے لیے اشتہار دیا جائے گا اور یوں پاکستان بھی آسٹریلیا کی طرز پر پروفیشنل کرکٹ منیجر کا تقرر کرے گا۔