پنجاب بھر سے ہوم آئسو لیشن پالیسی کے تحت اجازت نامے کے لئے سب سے زیادہ درخواستیں لاہور سے دی گئیں‘ پالیسی پر پورا نہ اترنے پر متعدد درخواستیں مسترد جبکہ سینکڑوں کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ حکومت پنجاب نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لئے سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ فائیو سٹار ہوٹلوں اور ایکسپو سنٹر سمیت متعدد جگہوں پر عارضی ہسپتال قائم کئے تاکہ متاثرہ افراد کی دیکھ بھال بہتر طریقے سے ہو سکے لیکن بدقسمتی سے ایکسپو سنٹر سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں اور ہوٹلوں میں بہتر انتظامات نہیں کئے گئے تھے جس کے باعث متاثرہ افراد نے گھروں میں ہی قرنطینہ کرنے کا مطالبہ کیا جس کی حکومت پنجاب نے مشروط اجازت دی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم آنے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد گھروں کا دورہ بھی کرے گی جہاں پر مریضوں نے آئسو لیشن اختیار کرنی ہے کیونکہ آئسو لیشن اختیار کرتے وقت گھروں کے حدود اربعہ کا جائزہ لینا، کمروں اور باتھ روم کی تعداد سمیت وہاں پر رہنے والے افراد کی تعداد کو بھی دیکھا جاتا ہے اس لئے جن مریضوں کو ہوم آئسو لیشن کی اجازت ملی ہے وہ محکمہ صحت کی جانب سے مقرر کردہ قوانین کا احترام کرتے ہوئے اس کی مکمل پاسداری کریں اس سے نہ صرف ہسپتالوں پر رش کم ہو گا بلکہ مریض بھی بہتر انداز میں گھروں میں رہ سکیں گے۔ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے ہم سب کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں تاکہ ہم مل کر اس وبا کو شکست دے سکیں۔