اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورپی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے بھی ملاقا ت کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کنٹونمنٹ بورڈانتخابات میں پنجاب کے نتائج کا نوٹس لیا اورپنجاب کے تین کنٹونمنٹ بورڈز میں شکست پر رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعظم نے لاہور،راولپنڈی،ملتان کے نتائج پررپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملتان،راولپنڈی ،لاہورمیں شکست پرفوری رپورٹ دی جائے ، شکست کی وجوہات،نتائج کے ذمہ داران کاتعین کیاجائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹکٹس کی تقسیم،انتخابی مہم ودیگرعوامل سے آگاہ کیاجائے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم گوجرانوالہ کینٹ بورڈمیں کامیابی پر مطمئن نظرآئے ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پارلیمانی سال میں عوامی مفاد کی قانون سازی کا عمل تیز کیاجائے ، چاہتے ہیں ایسی موثر قانون سازی ہو جس کا عوام کوبراہ راست فائدہ پہنچے ۔ وزیراعظم نے پارلیمان سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کو سراہا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کے سربراہان کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان چین سے صنعتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے بہت سیکھ سکتا ہے ، چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے مواقع ملیں گے اور افرادی قوت ہنر سیکھے گی،پاکستان میں درمیانے اور چھوٹے درجے کی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں جن میں چینی کمپنیاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے وہ ہر مہینے خود جائزہ اجلاس کی صدارت کروں گا۔انہوں نے کہا زراعت، ماہی گیری، سبزی اور پھل، زیادہ پیداوار والے مال مویشی، آئی ٹی و ٹیکنالوجی اور چھوٹی صنعتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔مزیدبرآں وزیر اعظم سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، بارڈر مینجمنٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے افغانستان سے انخلا کے معاملے پر وزارت داخلہ کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی ملاقات کی۔معاون خصوصی نے وزیر اعظم کو احساس پروگرام کے تحت قائم پناہ گاہوں کے حوالے سے بریف کیا۔