بریلی (نیٹ نیوز) دنیا بھرمیں کرونا کے انسداد کیلئے سڑکوں، بسوں، ٹرینوں وغیرہ کو کیمیکل ملے پانی سے دھویا جا رہا ہے لیکن بھارت کے شہر بریلی میں حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں انتظامیہ نے بس اڈے کی صفائی کے دوران وہاں موجود لوگوں کو بھی کیمیکل سے نہلا دیا۔ واقعہ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکاروں نے بسوں کی صفائی کے دوران وہاں آنیوالے مسافروں کو اکٹھا کر کے بٹھا دیا اور ان پر بھی پانی کا مکمل چھڑکاؤ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پانی میں سوڈیم ہائپو کلورائیڈ جیسا کیمیکل ملا ہے جسے فرش یا گھروں کی صفائی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔بریلی کے چیف فائر آفیسر چندر موہن شرما نے بتایا یہ کیمیکل آنکھوں اور اور جلد کیلئے بہت خطرناک ہے ، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔مسافروں نے بتایا کہ انہوں نے بہت مخالفت کی لیکن زبردستی کر کے انہیں نہلایا گیا، متعدد افراد کی آنکھوں میں جلن شروع ہو گئی ہے لیکن ہمیں خاموش کرا کر وہاں سے بھیج دیا گیا۔ بریلی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔