لاہور(کامرس ڈیسک) پاکستان میں پلاسٹک کے کچرے سے پھیلنے والی آلودگی کی روک تھام کے لئے کوکا۔کولا اور ڈبلیو ڈبلیو ایف۔ پاکستان نے مل کر لاہور میں ری سائیکلنگ کے لئے اپنی نوعیت کا پہلا اقدام متعارف کرایا جس کے تحت پلاسٹک (پی ای ٹی)کی بوتلوں کو ری سائیکلنگ کی غرض سے جمع کیا جائے گا ۔ یہ اقدام پلاسٹک ہٹ کے نام سے منسوب ہے اور لاہور کے پیکجز مال میں ایک خصوصی تقریب کے ذریعے اس کا باضابطہ آغاز بروز ہفتہ 12اکتوبر کو کیا گیا ۔ کوکا۔کولا اور ڈبلیو ڈبلیو ایف۔ پاکستان کے اعلیٰ حکام نے اس تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان کی بیوریج انڈسٹری میں میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے جس کے ذریعے نہ صرف پلاسٹک (پی ای ٹی) بوتلوں کو ری سائیکلنگ کے لئے جمع کیا جارہا ہے بلکہ مقامی آبادی کو بھی یومیہ اور ہفتہ وار قرعہ اندازی کے ذریعے دلچسپ تحفے اور انعامات جیتنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے ۔ یہ اقدام لاہور میں تین مقامی مالز میں 12 اکتوبر بروز ہفتہ سے 12 نومبر بروز منگل تک جاری رہے گا ۔ اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کوکا۔کولا پاکستان کے پبلک افیئرز اینڈ کمیونکیشنز کے ڈائریکٹر فہد قادر نے کہا، "اس سرگرمی کا خیال کوکا۔کولا کی اس تشویش سے سامنے آیا کہ دنیا کو لاحق پلاسٹک سے پیدا ہونے والے کچرے کے بحران سے کیسے نمٹا جائے ۔ اس ضمن میں کمپنی نے 19 جنوری 2018 کو World Without Wasteکے عنوان سے اپنی پروڈکٹ پیکیجنگ پالیسی کو متعارف کرایا جس کے تحت کمپنی نے عزم کیا کہ وہ انڈسٹری کی جرات مندانہ اور حوصلہ افزاء طریقے سے نمائندگی کریگی اور سال 2030 تک مارکیٹ میں متعارف کرائی گئی ہر بوتل اور کین کے بدلے اتنی ہی تعداد جمع اور ری سائیکل بھی کریگی ۔ "