اسلام آباد،فیصل آباد،( خبرنگار خصوصی، نمائندہ 92نیوز)تحریک انصاف کے ٹکٹوںکی تقسیم کے معاملے پرراولپنڈی، اٹک، چکوال،جڑانوالہ، بنوں ودیگرشہروں کے ناراض کارکنان کی جانب سے آج دوسرے روزبھی بنی گالہ میں احتجاج جاری رہا جبکہ عمران خان نے کئی احتجاجی رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقات کرکے انکے تحفظات دور کرنے اور میرٹ پر ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کرادی جسکے بعداحتجاج ختم کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے پارٹی ٹکٹوں سے محروم امیدواروں کے حامی کارکنوں نے بنی گالہ جانے والے مختلف راستوں پر احتجاج کیا۔پی پی 100 جڑانوالہ سے خان بہادر ڈوگر اور پی پی 3 سے اکبر خان تنولی کے حامیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ جڑانوالہ سے آنے والے مظاہرین کا کہناتھا کہ صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں کے ٹکٹ دو بھائیوں کو دئیے گئے جس سے انکی حق تلفی ہوئی ۔ پی کے 87 بنوں کے کارکنان کا بھی بنی گالہ میں احتجاج جاری ہے ۔پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 100 سے امیدوار سلطان ڈوگر نے عمران خان سے ملاقات کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی یقین دہانی پر سلطان ڈوگر نے کارکنوں کو بنی گالہ کا راستہ کھولنے کا کہہ دیا جس کے بعد گزشتہ دو روز سے جاری دھرنا ختم ہو گیا۔ کارکنوں نے رات بھی بنی گالہ کے باہر ہی گزاری۔ ناراض کارکنوں اور امیدواروں نے احتجاج کے دوران ٹکٹ دو ٹکٹ دو کے نعرے بھی لگائے ۔ حسن ابدال میں تحریک انصاف کی جانب سے پی پی 2میں ٹکٹ کی غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف یو سی چیئرمین اور وائس چیئرمین نے احتجاج اور مضبوط امیدوار چنگیز خان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پارٹی قیادت سے چنگیز خان کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا،ذاکر خان زیدی اور ملک آفتاب احمد نے کہاکہ پی پی 2کے ٹکٹ کی غیر منصفانہ تقسیم کارکنان سے ہضم نہیں ہو رہی ،ثابت کرینگے کہ پی ٹی آئی قیادت کا ٹکٹ فیصلہ غلط ہے ۔ این اے 55سے ملک امین اسلم کو ٹکٹ نہ دینے پر کارکنوں نے شدید احتجاج کیا ، خادم چھچھ کو بھی پی پی 2سے ٹکٹ نہ ملنے کے خلاف احتجاج کا سلسہ جاری ہے ، ملک امین اسلم کو ٹکٹ نہ ملنے کے خلاف بنی گالہ میں اٹک کے عہدیداروں نے دھرنا اور احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ۔ احتجاج کے دور ان مظاہرین نے بنی گالہ آنے والے فوادچودھری اور فرخ حبیب کی گاڑیاں روک لیں۔ فواد چودھری نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ 90فیصدٹکٹوں پرکوئی اختلاف سامنے نہیں آیا ،این اے 65چکوال کا ٹکٹ ابھی فائنل نہیں ہوا،کوشش ہے کہ امین اسلم اور طاہر صادق ایک پیج پرآجائیں۔احتجاج کرنیوالے تحریک انصاف جڑانوالہ کے صدر خان بہادر ڈوگر نے کہاکہ انہوں نے دھرنے والوں کو 126 دن ناشتہ ، دوپہر اور رات کا کھانا اپنی جیب سے کھلایا پھر بھی ٹکٹ نہیں ملا ۔ رائے حسن نواز نے ’خود ساختہ‘ سروے کروا کے انکے ٹکٹ پر شب خون مارا ۔ چکوال سے احتجاج کیلئے آئے رہنما سردار منصورحیات ٹمن نے کہاکہ پرویز الٰہی نیب زدہ ہے ،این اے 65 سے اگر ق لیگ سے اتحاد ہواتو پی ٹی آئی کو نقصان ہو گا، پارٹی قیادت کو ق لیگ کے ساتھ اتحاد کے فیصلہ پردوبارہ غور کر نا ہو گا، کرنل(ر) سلطان سرخرو نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے امیدواروں میں سے کسی کو ٹکٹ دے ،ہم سب اس کے ساتھ ہوں گے ۔فیصل آبادمیں این اے 107 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے خواہش مند چار امیدواروں میا ں محمد علی سرفراز،بریگیڈیئر (ر) ممتاز اقبال کاہلوں ،راجہ نادر پرویز ،راجہ اسد نادر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں عمران خان سے اپیل کی کہ پارٹی کے مفاد اور بہتری کیلئے ٹکٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور متنبہ کیا کہ اگر این اے 107 اورپی پی 110,111,112 پر ٹکٹوں کے فیصلے پر نظر ثانی نہ کی تو وہ آئندہ کے لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔اوکاڑہ میں تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے اشرف سوہنا کی قیادت میں ٹکٹوں کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی، ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ٹکٹ ہولڈر نا منظور ، نامنظور لکھا ہوا تھا، اشرف سوہنا نے کہا کہ عید الفطر کے دن سینکڑوں کارکنان بنی گالہ پہنچیں گے ، لینڈ مافیا سے ٹکٹیں واپس لی جائیں۔ این اے 47میں نظریاتی کارکن نظر اندازکرنے اورنمائشی شمولیت اختیار کرنے والے پیپلز پارٹی کے جواد حسین کو ٹکٹ دینے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،سرکردہ رہنماء ملک سعید اﷲ احتجاجاً مستعفی ہوگئے جبکہ ضلعی صدر گل محمد اورکزئی نے کارکنان کی مشاورت سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ۔ادھر تحریک انصاف لائرز ونگ نے پارٹی ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا، لائرز ونگ ڈیرہ غازی خان کے صدر یونس خان خٹک نے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ ممبران اور اہم پارٹی رہنماؤں کو فریق بنا کر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کو تحریری درخواست بھجوا دی۔ ادھر اٹک سے ملک امین اسلم کو ٹکٹ کے معاملہ پر عمران خان نے ایک ویڈیو بیان میں ضمنی الیکشن میں اٹک سے ملک امین اسلم کو ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا ضمنی الیکشن تک ملک امین اسلم ہماری مدد کریں۔