اسلام آباد، راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے اگر کوئی دشمن ہمیں آزمانا چاہتا ہے تو وہ ہر لمحہ اور ہر محاذ پر ہمیں تیار پائے گا،بلا شبہ دفاع وطن مقدس فریضہ ہے ،ہمارے بزرگوں نے اپنے خون سے آزادی کی شمع جلائی ،افواج پاکستان ہر حال میں ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں،وطن کے دفاع کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،افوا ج پاکستان کسی بھی قسم کے اندرونی وبیرونی خطرات ، روایتی وغیر روایتی جنگ اور دشمنوں سے لڑنے کیلئے تمام صلاحیتوں سے لیس اورملکی دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ہم نے تمام اندرونی وہ بیرونی سازشوں کو ناکام اور ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔پاکستان اور بھارت درمیان کشمیر کامسئلہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے ،ہم کشمیر کے حوالے سے بھارت کے پانچ اگست2019سے متعلقہ تمام اقدامات کو رد کرتے ہیں جو بین الا اقوامی اصولوں کے منافی ہے ، کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہیں۔یوم دفاع وشہداء کے حوالے سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت عارف علوی،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان ،پاک فوج کے ترجمان میجر جنر ل بابر افتخار ،چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید ،اپوزیشن لیڈرشہباز شریف ، وفاقی وزرا ،پاک فوج کے اعلیٰ افسران ،غازیوں اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی، تقریب میں ملی نغمے اور پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں پر مشتمل دستاویزی فلم بھی حاضرین کو دکھائی گئی۔فلم میں ادیبوں،دانشوروں، گلوکاروں اور قومی جذبوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ حاضرین کو پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔ پاک فوج کے افسران نے سروس کے دوران پیش آنے والے واقعات کے بارے میں بتایا۔اس موقع خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھایوم دفاع وشہدا ئپر تقریب میں خطاب باعث اعزاز ہے ۔تمام شہدا کے لواحقین اور معزز مہمانوں کو سلام،شہداء کی قربانیاں وطن سے محبت کا اظہار ہے ،الحمد للہ آج ہمارا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے ،ہم نے ہر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،ہمارے بزرگوں نے اپنے خون سے آزادی کی شمع جلائی،شہداء کے ورثا کے جذبے اور استقامت کو سلام ،آپ نے جو قربانی دی پوری قوم آپ کی مقروض ہے ،آپ کے پیاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی،ورثا کی نگہبانی ہماری ذمہ داری ہے ،وطن سے محبت ، ذاتی ، گروہی، لسانی مفادات سے بالا تر ہے ،بیرونی دشمنوں کی حرکتوں اور چالوں سے تو آگاہ ہیں مگر ہمیں اندرونی انتشار پھیلانے والے کچھ عناصر کیساتھ سختی سے نمٹنا ہوگا، سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ کچھ لوگ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں،دشمن غیر روایتی ہتھکنڈوں ، ڈس انفارمیشن سے مقاصد حاصل کرنا چاہتاہے ،جنگوں کے طریقہ کار بدل چکے ، ہائبرڈ وار اور دشمن کے منفی عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے ،عوامی تعاون کے بغیرکوئی بھی فوج ریت کی دیوارثابت ہوتی ہے ،کسی شخص کوعلاقائی یالسانیت کی بنیادپرریاست کوبلیک میل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،طاقت کااستعمال صرف اورصرف ریاست کااختیارہے ،پاکستان کواعتدال پسنداورجدیداسلامی فلاحی ریاست بناناہے ،جمہوریت میں پاکستان کی مضبوطی اوربقاہے ،ہم سب کوآئین کی پاسداری ،برداشت اوررواداری کوفروغ دینااورتنقید برائے تنقیداورذاتی عنادکوپس پشت ڈالناہوگا، بتائیں آپ ملک کیلئے کیاکرسکتے ہیں،پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑاہے ،وہاں خواتین سمیت انسانی حقوق کااحترام ہوناچاہئے ،غیرملکی انخلاکے بعد قیام امن کا موقع ملاہے ،پاکستان اورہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیرکی حیثیت کلیدی ہے ،امن پسندی کی خواہش کوہماری کمزوری نہ سمجھاجائے ،سیدعلی گیلانی کی طویل جدوجہدکوخراج تحسین پیش کرتے ہیں،کشمیرکی سفارتی،اخلاقی اورسیاسی حمایت جاری رکھیں گے ،دنیا اس مشکل کی گھڑی میں افغان قوم کو تنہا چھوڑے گی نہ انسانی بحران کا شکار ہونے دے گی،اس سلسلے میں پاکستان ہر ملک سے تعاون کیلئے تیار ہے ۔غیر رسمی گفتگومیں انہوں نے کہا ملک سے ہر طرح کی انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ضروری ہے ،بیرونی آلہ کار اندرونی دشمنوں کا قلع قمع کرنا ہوگا،ڈی جی آئی ایس آئی کا دورہ کابل کامیاب رہا، دورے کا مقصد کسی کی تذلیل نہیں تھا،جب تک ٹی ٹی پی ہے دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے ،افغانستان میں امن قائم ہوگااوراچھی خبریں آئیں گی،کسی گروہ کو بھی ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دینگے ۔صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی نے کہا جنگ ستمبرمیں ہم نے دشمن کے ناپاک عزائم کوناکام بنایا،پاکستان کابچہ بچہ ملک کیلئے جان دینے کیلئے تیارہے ، مسلح افواج کی قربانیوں نے آنیوالی نسلوں کامستقبل محفوظ کیا،6ستمبرہماری قومی تاریخ میں استعارہ ہے ،ہمارے شہداہمارافخر اورسروں کے تاج ہیں،بھارت نے ہرموقع پرپاکستان کونقصان پہنچانے کی کوشش کی،خطے کی ترقی کارازمسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل میں ہے ،کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام، کسی آزمائش میں قوم اورفوج کارشتہ نہ مٹنے والاہے ،افغانستان میں بدلتی صورتحال پرگہری نظر ہے ،باڑلگاکرمغربی سرحدکومحفوظ بنایا،افغانستان میں امن پاکستان میں امن ہے ،امیدہے افغان امن کیلئے دنیاہماری کوششوں کوحقیقت کی نظر سے دیکھے گی،ہم نے دشمن کے طاقت کے گھمنڈ کو نیست و نابود کردیا۔ لاہور،اسلام آباد ،کراچی (سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں،ڈسٹرکٹ رپورٹر،تحصیل رپورٹر،نامہ نگاران) ملک بھر میں یومِ دفاع بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،ساری قوم نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا،ملک کے مختلف شہروں میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریبات اور سیمینارزکا انعقاد کیا گیا ۔یومِ دفاع کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کیلئے خصوصی دعائوں اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے مزار پر گارڈ زکی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی کے چا ق و چوبند کیڈٹس نے فرائض سنبھالے ۔پاک بحریہ میں بھی یوم دفاع عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں خصوصی تقریب کے نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے ،انہوں نے یاد گار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ پڑھی، پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی ،نیول چیف نے شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔پاک بحریہ کی تمام یونٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔بورے والا میں فاتح لکشمی پورمیجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کے مزار پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،جی او سی بہاولپورمیجر جنرل منیر الدین نے مزار پر آرمی چیف کی طرف سے پھول رکھے ۔