اسلا م آباد ،لاہور،ملتان،کراچی،پشاور،کوئٹہ ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورورپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید85افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد9753ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2152نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد467222ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد38511ہو گئی،2382مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل 418958 صحتیاب ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید48مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ471نئے کیس سامنے آگئے ۔لاہورمیں227،راولپنڈی54،بہاولپور33،ملتان 11، فیصل آباد میں32کیسزسامنے آئے ۔ ادھرنشتر ہسپتال ملتان میں مزید3 کورونا مریض جاں بحق ہوگئے ۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے سینئر رہنما عامرخان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اور خود کو قرنطینہ کرلیا جبکہ کارکنا ن اور عوام سے دعائوں کی اپیل کی ہے ۔اداکارہ ثنا عسکری بھی کورونا میں مبتلا ہوگئیں اور خود کو قرنطینہ کرلیا، انکے شوہر منہاج علی عسکری نے سوشل میڈیا پر دعا صحت کرنے کی اپیل کی ہے ۔ ثنا عسکری بے شمار ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جن میں آذر کی آئے گی بارات،دریچہ،خوشبو کا گھر،داغ،میری دلاری،میں سوتیلی،غلطی اورگھسی پٹی محبت بھی شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا میں مزید11مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید 331افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی ۔خیبرپختونخوا میں برطانیہ سے واپس آنیوالے 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی اوریہ نئی قسم والا کورونا وائرس ہوسکتا ہے ۔دونوں متاثرین کو قرنطینہ کر دیا گیا۔محکمہ صحت کے مطابق متاثر ایک شخص پشاور اور دوسرا ایبٹ آباد کا ہے ۔ مجموعی طور پر خیبرپختونخوا میں 149 افراد واپس آئے جن کی تلاش کیلئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ۔بلوچستان کے 7اضلاع سے مزید33نئے مریض سامنے آگئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں17لاکھ55ہزارسے زائد ہو گئیں۔ امریکہ نے برطانیہ سے پروازوں کے ذریعے آنیوالے مسافروں کیلئے کورونا کا منفی ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا۔ امریکی سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے شرط عائد کی ہے کہ برطانیہ سے امریکہ آنیوالے مسافروں کو روانگی سے 72 گھنٹے قبل اپنا کورونا کا ٹیسٹ کرانا ہوگا اور منفی رپورٹ دکھانے کی صورت میں ہی ان مسافروں کو امریکہ میں داخلے کی اجازت دی جائیگی۔ امریکی سی ڈی سی کی جانب سے یہ فیصلہ برطانیہ میں کورونا کی تیزی سے پھیلنے والی نئی قسم سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے ۔ واشنگٹن میں برطانوی سفارتخانے نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی رد عمل جاری نہیں کیا۔آسٹریا میں لاک ڈائون کا دورانیہ 26 دسمبر سے 18 جنوری تک بڑھا دیا گیا ،تمام تجارتی مراکز 18جنوری تک جبکہ ریسٹورنٹس اور ہوٹل 24 جنوری تک بند رہیں گے ۔ نئے لاک ڈائون کا اطلاق ہر اس فرد پر ہوگا جس نے جنوری کے وسط میں ہونے والے بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹوں کے دوسرے مرحلے میں حصہ نہیں لیا جبکہ 15 تا 17جنوری تک آسٹریا میں منصوبہ بندی کی گئی ہے کہ لوگ بڑے پیمانے پر ٹیسٹوں میں شرکت کریں۔وزیراعظم سبسٹین کرز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وبائی امراض کے وقت سیاحت و ثقافت اور معیشت کی بحالی کا واحد راستہ ایک ہی وقت میں تعداد کو مزید بڑھنے سے روکتا ہے ۔